Tuesday, 16 August 2022

آپ آئے تو تاریکیاں چھٹ گئیں روشنی ہو گئی

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


آپؐ آئے تو تاریکیاں چھٹ گئیں، روشنی ہو گئی 

ظلم اور جبر کی بیڑیاں کٹ گئیں، آشتی ہو گئی 

آپﷺ آئے تو بادِ بہاری چلی، گل مہکنے لگے 

خوشبوؤں سے سبھی بستیاں اٹ گئیں، تازگی ہو گئی 

سارا عالم تھا ڈوبا ہوا کفر میں، آ گئے مصطفیٰﷺ 

شرک و بدعت کی طغیانیاں گھٹ گئیں، راستی ہو گئی 

کالے گورے کی تفریق بھی ختم کیں، متحد پھر کیا 

دوریوں کی سبھی کھائیاں پٹ گئیں، دوستی ہو گئی 

جھوم کر خوب برسا ہے ابرِ کرم، لطفِ شاہِ اممﷺ 

خوانِ سرورؐ سے جب نیکیاں بٹ گئیں، بہتری ہو گئی 

اُنؐ کی باتوں نے سب پر مشاہد کیا، خوب گہرا اثر 

جن کے لہجوں میں تھیں تلخیاں ہٹ گئیں، چاشنی ہو گئی


مشاہد رضوی

No comments:

Post a Comment