عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
حضورؐ آپؐ سے نسبت ہے نسبتِ ربّی
حضورؐ آپؐ کی مدحت ہے مدحتِ ربّی
حضورﷺ آپ کا اُسوہ ہے اسوۂ کامل
حضورؐ آپؐ کی حکمت ہے حکمتِ ربّی
درودِ پاک وسیلہ ہے قُربِ احمدﷺ کا
ہے علم آپؐ سے قُربت ہے قُربتِ ربّی
حُسینؑ و مِنّی کہا اس لیے پیمبرﷺ نے
کہ انؐ کی آلؑ کی بیعت ہے بیعتِ ربّی
خدا ولی ہے محمدﷺ ولی علیؑ بھی ولی
کلامِ پاک میں آیت ہے، آیتِ ربّی
بلالؓ و بُوزرؓ و سلمانؓ آپﷺ کے شیدا
وہ جانتے ہیں یہ اُلفت ہے اُلفتِ ربّی
یہ تازگی، یہ درخشندگی عطا ہی تو ہے
یہ مجھ پہ آپؐ کی رحمت ہے رحمتِ ربّی
رخشندہ بتول
No comments:
Post a Comment