عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ہر سمت روشنی کا حوالہ ہیں فاطمہؑ
اس کارِ دو جہاں کا اجالا ہیں فاطمہؑ
بیٹی ہے اپنے باپ سے کچھ اس طرح جڑی
گر مصطفیٰﷺ ہیں چاند تو ہالہ ہیں فاطمہؑ
رتبوں کا امتزاج بھی کیسا حسین ہے
ہیں مرتضیٰؑ جو عالی تو اعلیٰ ہیں فاطمہؑ
ہیرے امامتوں کے پروئے ہیں سنگ سنگ
کیسے جواہرات کی مالا ہیں فاطمہؑ
جس کو خدا پڑھے گا تعارف کے طور پر
تقریبِ حشر کا وہ مقالہ ہیں فاطمہؑ
چوٹی ہے جس کی حلقۂ قوسین میں کہیں
ایسا فضیلتوں کا ہمالہ ہیں فاطمہؑ
مولائیوں کے واسطے رحمت کا باغ ہیں
پر منکروں کے حق میں جوالا ہیں فاطمہؑ
لینا ہے جو فدک تو تمہیں بھیک میں دیا
اس دو ٹکے کی بات سے بالا ہیں فاطمہؑ
زیدی کو خوف کیا ہو قیامت کے روز کا
ہر امتحاں میں اس کا حوالہ ہیں فاطمہؑ
ارسلان علی زیدی
No comments:
Post a Comment