Monday 3 June 2024

قبولیت بتائے گی کہ کیا ہیں فاطمہ زہرا

عارفانہ کلام حمد نعت منقبت قصیدہ در مدح بی بی فاطمہؑ


قبولیت بتائے گی کہ کیا ہیں فاطمہ زہراؑ

اثر کے آسمانوں کی دعا ہیں فاطمہ زہراؑ

یہ اپنے دم سے کرتی ہیں رسالت کی مسیحائی

یمن کی صرف چادر ہے شفا ہیں فاطمہ زہراؑ

دل ختم الرسلﷺ ہیں مخزن اسرار ربانی

اسی دل کے دھڑکنے کی صدا ہیں فاطمہ زہراؑ

علیؑ ہے عرش اعظم کی قسم ہر ایک مشکل میں

علیؑ کے واسطے مشکل کشا ہیں فاطمہ زہراؑ

یہ جب چاہیں حدید خاک کو فضہ بنا ڈالیں

علوم کیمیا کا مدرسہ ہیں فاطمہ زہراؑ

بقیعہ کی زیارت کو سمجھنا ہو تو یوں سمجھو

حسینؑ ابن علیؑ کی کربلا ہیں فاطمہ زہراؑ

کبھی ان سے مِرا اللہ راضی ہو نہیں سکتا

مسلمانوں میں جن جن سے خفا ہیں فاطمہ زہراؑ

شفاعت کی گھڑی ہے میں ہوں اور میدان محشر ہے

بھروسہ ایک اشک غم ہے یا ہیں فاطمہ زہراؑ

کرم ہے آپ کا بی بی وہیں ہے آپ کا نیر

جہاں پر آیتیں محو ثناء ہے فاطمہ زہراؑ


عباس رضا نیر

No comments:

Post a Comment