Tuesday, 23 November 2021

دور تک سونی پڑی ہے رہگزر دیکھے گا کون

 دور تک سونی پڑی ہے رہگزر دیکھے گا کون

اپنی منزل ہی نہیں تو راہبر دیکھے گا کون

چاندنی کی بد دعا اپنا اثر دِکھلا گئی

کس قدر تاریکیاں ہیں چاند پر دیکھے گا کون

جاگتی آنکھوں پہ آخر نیند غالب آ گئی

اب تمہارا راستہ بھی رات بھر دیکھے گا کون

اپنے گھر کا ساز و ساماں ہم نے گروی رکھ دیا

ہنستے ہنستے زہر پینے کا ہنر دیکھے گا کون

جان کا خطرہ تو ہے ہی جال بھی کمزور ہے

مچھلیوں کے شوق میں پانی مگر دیکھے گا کون

اب غزل کے نام پر فاروق کچھ بھی پیش کر

لوگ سب مصروف ہیں زیر و زبر دیکھے گا کون


فاروق رحمان

No comments:

Post a Comment