Sunday 2 June 2024

مجھے کسی نے بتایا خدا ہے میرے ساتھ

 مجھے کسی نے بتایا خدا ہے میرے ساتھ

میں کیا بتاؤں اسے اور کیا ہے میرے ساتھ

تجھے یقیں نہیں آئے گا پر حقیقت ہے

یہ تو نہیں ہے کوئی دوسرا ہے میرے ساتھ

یہ مشکلات بھی اب میرے ساتھ رہتی ہیں

یہ جانتی ہیں کہ مشکل کشا ہے میرے ساتھ

میں کیا بتاؤں تجھے، یاد کیا دلاؤں تجھے

تُو جانتا ہے جو تُو نے کیا ہے میرے ساتھ

اگر وفا کو بتاؤں، وفا بھی چیخ پڑے

وفا کے نام پہ جو کچھ ہوا ہے میرے ساتھ

ستم تو یہ ہے کہ میں نے اسے بھی چھوڑ دیا

جو سب کو چھوڑ کے تنہا کھڑا ہے میرے ساتھ

کسی سے کوئی شکایت نہیں مجھے مومن

جو ہونا چاہیے وہ ہو رہا ہے میرے ساتھ


عبدالرحمان مومن

No comments:

Post a Comment