عارفانہ کلام حمدیہ کلام
ہو وِرد صبح و مسا، لا الٰہ الا اللہ
پیامِ حق کی صدا، لا الہ الا اللہ
جہاں میں ہرسو ہدایت کی روشنی پھیلے
ہے نورِ حق کی ضیا، لا الہ الا اللہ
فضا میں کلمۂ حق روز گو نجتا ہی رہے
یہی ہے میری دعا، لا الہ الا اللہ
جہاں پہ آئے تغیر بفضلِ ربِ کریم
ہو سب کے لب کی نوا لا الہ الا اللہ
نوازشات اسی کی ہیں زندگی کے لیے
یہ ہے اسی کی عطا، لا الہ الا اللہ
ہیں روز و شب مہ و خورشید نعمتیں اس کی
کرم ہے بیش بہا، لا الہ الا اللہ
وہ لاشریک ہے اس کاکوئی شریک نہیں
ہے بے نیاز خدا، لا الہ الا اللہ
ہے ذرہ ذرہ جہاں کا اسی کی طاعت میں
یہ آگ، پانی، ہوا، لا الہ الا اللہ
تلاش کرتی ہے ہر سمت اس کو میری نگاہ
ہے دل میں جلوہ نما، لا الہ الا اللہ
یہ کائنات مشیت سے بس اسی کی چلے
وہی ہے سب کا خدا، لا الہ الا اللہ
عطائے رب پہ ہمیشہ زبان شاکر ہے
ہے اس کی حمد و ثنا لا الہ الا اللہ
رسولِ پاک کا پیغام ہر نفس میں رہے
میرے نبی کی عطا، لا الہ الا اللہ
ہمیشہ ہونٹوں پہ اقبال اس کی حمد رہے
سدا ہو دل کی صدا، لا الہ الا اللہ
اقبال سعیدی
No comments:
Post a Comment