Thursday, 18 July 2024

رب نے شرح والضحیٰ ان کا رخ زیبا کیا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


رب نے شرحِ والضحیٰ ان کا رخِ زیبا کیا 

گیسوؤں کو شرحِ والیل إذا یغشیٰ کیا

ان کی آنکھوں کو کیا تفسیرِ مازاغ البصر

ان کے سینہ کو الم نشرح کا آئینہ کیا

حضرتِ موسیٰ سے رب نےلن ترانی کہہ دیا 

میرے آقاﷺ پر عیاں جلوہ شبِ اسریٰ کیا

لا تقولوا راعنا کہہ کر کبھی لا ترفعوا

خود خدائے مہرباں نے آپؐ کا چرچا کیا

رب نے فرما کر رفعنا مصحفِ لاریب میں

کس قدر اونچا تمہارے ذکر کا رتبہ کیا

آیتِ صلوا علیہِ پر کیا ہم نے عمل 

جب رسولِ پاکؐ کا دل میں خیال آیا، کیا

جب کبھی تنہائیِ زندانِ شب سے ڈر لگا 

ہو گئی راحت جو ذکرِ النبیؐ اولی کیا

آیتِ قد جاء کم سے ہو رہا ہے یہ عیاں 

اے نواز ان کو خدا نے خلق میں یکتا کیا


نواز اعظمی

No comments:

Post a Comment