Saturday, 20 November 2021

محبت سے گزر جانا ہمارا

 محبت سے گزر جانا ہمارا

نہ تھا آسان مر جانا ہمارا

وہاں جب منتظر کوئی نہیں ہے

نہیں بنتا ادھر جانا ہمارا

ذرا تم وقت کی رفتار دیکھو

کہاں ممکن ٹھہر جانا ہمارا

تمہارے راستے میں آ گئے ہیں

بہت مشکل ہے گھر جانا ہمارا

کہانی کا تو رخ ہی موڑ دے گا

کسی کردار پر جانا ہمارا

ہماری جان خطرے میں رہے گی

ضروری ہے مکر جانا ہمارا

عظیم اپنی طلب میں جی رہے ہیں

سمٹنا ہے، بکھر جانا ہمارا


طاہر عظیم

No comments:

Post a Comment