Sunday, 2 October 2022

میں ایک شام جو لوٹا غبار جاں بن کر

 میں ایک شام جو لوٹا غبار جاں بن کر

بکھر کے رہ گیا راہوں کی داستاں بن کر

میں خود میں گونجتا ہوں بن کے تیرا سناٹا

مجھے نہ دیکھ مِری طرح بے زباں بن کر

میں اپنے آپ کا وہ شور تھا تجھے پا کر

تجھے ڈرا دیا آوازِ بے اماں بن کر

ہر ایک شخص ہے افواہ آپ ہی اپنی

ہر اک کو جانتا ہے ہر کوئی گماں بن کر

تمام سمتیں پلٹتی سی جان پڑتی ہیں

پہنچ رہا ہوں کہاں درد لا مکاں بن کر

یہ کس کو ڈھونڈ رہا ہوں میں ایک عرصے سے

خود اپنا ہی کوئی بھٹکا ہوا نشاں بن کر

جو خود تھے اپنی صدا کا یقیں وہی تو ہیں ہم

پہاڑ جیسے کوئی اُڑ گیا دُھواں بن کر

تُو کر کے رد مجھے خود کو ذرا قبول تو کر

کھڑا ہوں تیرے لیے ایک امتحاں بن کر

خود اپنی بات کا دکھ بن کے رہ نہ جا اے تلخ

ہر ایک دل میں سما جا غمِ جہاں بن کر


منموہن تلخ

No comments:

Post a Comment