Tuesday, 4 October 2022

وقت پر خود ہی جان جائیں گے

وقت پر خود ہی جان جائیں گے

پہلے ہلچل نہیں مچائیں گے

ہوش میں آیا جب عدو تو اسے

ڈھال کے فائدے بتائیں گے

ہمیں تیراک مان لو، ورنہ

تھوڑے پانی میں ڈوب جائیں گے

غیر حاضر رہو وگرنہ تمھیں

امتحاں میں نہیں بٹھائیں گے

بلب ایجاد کرنے والے بھی

طاقچوں میں دیے جلائیں گے

تو خلا اس کا پر کرے نہ کرے

دل میں تیری جگہ بنائیں گے

چشمِ بد سے بچانے کی خاطر

تمہیں اپنی نظر لگائیں گے


شاہد نواز

No comments:

Post a Comment