عارفانہ کلام نعتیہ کلام
ہر کسی کو ہو بقدرِ ظرف عرفانِ رسولﷺ
کون کہہ سکتا ہے کیا ہے حدِ امکان رسولﷺ
سِدرہ تک ہی پر فشانی کر سکے روح الامیںؑ
قاب قوسینِ او ادنیٰ تک ہے جولانِ رسولﷺ
جتنے پہلے کے صحیفے تھے محرّف ہو چکے
لیکن، ٭اَلْاَنَ کَمَا کَانَ ہے قرآنِ رسولﷺ
وقفِ حرماں کر سکیں اس کو نہ آلامِ جہاں
ہو ہویدا جس پہ رمزِ فقر و سلطانِ رسولﷺ
سر بخم تعظیماً اس کے سامنے سب نعت گو
کون ہے جو ہو سکے ہمتائے حسانِؓ رسولﷺ
من گدائے خوشہ چینِ خرمنِ علمِ نبیﷺ
’من فقیرِ طعم خوار ریزۂ خوانِ رسولﷺ
حق جو مداحی کا ہے مجھ سے ادا ہوتا نہیں
گو بحدِ استطاعت ہوں ثنا خوانِ رسولﷺ
میں کہ خالد نامی اک یا وہ سرائے ژاژخا
لکھ سکوں اے کاش حرفِ چند شایانِ رسولﷺ
بخت یاور ہو تو شاید گاہ میرا بھی شمار
ہو سکے منجملۂ خدامِ خاصانِ رسولﷺ
عبدالعزیز خالد
٭اَلْاَنَ کَمَا کَانَ: جیسا تھا ویسا ہی ہے، جوں کا توں، بغیر کسی تحریف کے اصل شکل میں۔
تمام احباب کو جشنِ مولود نبیﷺ مبارک ہو۔
No comments:
Post a Comment