Tuesday 9 July 2024

ہر روز بڑھ رہی ہے عقیدت حسین کی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہر روز بڑھ رہی ہے عقیدت حسینؑ کی

دل بھُولتا نہیں ہے شہادت حسینؑ کی

نیزے کی نوک پر سرِ صحرائے کربلا

اِک پھُول کہہ رہا تھا حقیقت حسینؑ کی

تھا معرکہ بپا حق و باطل کے درمیاں

ذِلّت رہی یزید کی، عِزّت حسینؑ کی

کُنبے کے فرد فرد کو قربان کر دیا

دیکھی فلک نے آج اطاعت حسینؑ کی

تحصیلِ سلطنت، نہ تقاضائے مملکت

احیائے دینِ پاک تھی غایت حسینؑ کی

ایک ایک بات حُسنِ نبیؐ اور علیؑ کا روپ

دیکھیں تو آپ غور سے سیرت حسینؑ کی

یا رب! فقط یہ ایک دُعا مستجاب کر

لکھ دے میرے نصیب میں بیعت حسینؑ کی

گُستاخ! اپنے آپ کو زندہ نہ جانیو

دل میں اگر نہیں ہے محبت حسینؑ کی


گستاخ بخاری

No comments:

Post a Comment