Saturday, 31 May 2025

حشر میں کام نہ کوئی بھی میری جان آیا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


حشر میں کام نہ کوئی بھی میری جان آیا

میری بگڑی کو بنانے تِراﷺ احسان آیا

دیکھ کر شان تِریؐ اہلِ فلک تھے حیران

مرحبا صلِ علیٰﷺ عرش کا مہمان آیا

بن گیا عرشِ معلیٰ دلِ ویراں میرا

تِرا ارمان مِرے دل میں جو مہمان آیا

عمر بھر ہم نے کوئی زخم نہ بھرتے دیکھا

 عمر بھر ہم نے کوئی زخم نہ بھرتے دیکھا

دلِ مجروح طبیبوں سے الجھتے دیکھا

اتنی مہلت ہی نہ دی اس نے کہ ہم کچھ کہتے

ہم نے سمٹے ہوئے لفظوں کو بکھرتے دیکھا

آئے بادل تو گھڑے توڑ دئیے ہم نے بھی

اور پھر ان کو نہ آنگن میں برستے دیکھا

نم دیدہ ہیں معصوم سی کشمیر کی آنکھیں

 نم دیدہ ہیں معصوم سی کشمیر کی آنکھیں

حسرت سے انہیں تکتی ہیں تدبیر کی آنکھیں

زنداں کے غم و درد کا احساس ہے ان کو

اطراف مِرے لپٹی ہیں زنجیر کی آنکھیں

مل جاتی انہیں قوتِ گویائی تو کیا تھا

کچھ کہنے سے معذور ہیں تصویر کی آنکھیں

آرزو کب کوئی محتاج بیاں ہوتی ہے

 آرزو کب کوئی محتاج بیاں ہوتی ہے

خامشی خود ہی محبت کی زباں ہوتی ہے

راحت و عیش میں یہ بات کہاں ہوتی ہے

زندگی درد میں ڈوبے تو جواں ہوتی ہے

طالب عشق و محبت ہیں نہ پوچھو ہم سے

شب کہاں صبح کہاں شام کہاں ہوتی ہے

اک دوسرے کا درد سمجھتا کوئی نہیں

 اک دوسرے کا درد سمجھتا کوئی نہیں

حیرت یہ ہے کہ خود سے شناسا کوئی نہیں

میں کب سے چیختا ہوں؛ بُرائی کو چھوڑو

افسوس، میری بات کو سُنتا کوئی نہیں

دیکھیں اگر بغور تو اپنے ہیں سب یہاں

سوچیں اگر بغور تو اپنا کوئی نہیں

کون کہتا ہے سر عرش بریں رہتا ہے

 کون کہتا ہے سر عرش بریں رہتا ہے

وہ تو اک درد ہے جو دل کے قریں رہتا ہے

چاند پر اپنے قدم آپ نے کیوں روک لیے

ایک گام اور کہ سورج بھی یہیں رہتا ہے

شمع کی طرح پگھلتا ہوں میں لمحہ لمحہ

میرے احساس میں اک شعلہ جبیں رہتا ہے

Friday, 30 May 2025

تنہائیوں میں اسم محمد پکار کے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


تنہائیوں میں اسم محمدﷺ پکار کے

دیکھا ہے ہم نے روح کو یوں بھی نکھار کے

دیکھو مِری زباں پہ درود و سلام ہے

احسان مجھ پہ کتنے ہیں پروردگار کے

اے کاش خاکِ طیبہ کا سرمہ ہمیں ملے

منظر وہ ہم بھی دیکھیں کبھی آرا پار کے

قافلہ ہے چلا کل مدینے کو پھر

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


قافلہ ہے چلا کل مدینے کو پھر

میں تڑپ اپنی سب سے چھپاتی رہی

دل تھا غم سے بھرا روح رونے لگی

صبر پھر ان کو کرنا سکھاتی رہی

کب حضوری مدینہ ملے گی مجھے

یہ سوالوں کی گٹھری رلاتی رہے

کیا شکایت ہو بھلا اس سے ہو شکوہ کیسا

 کیا شکایت ہو بھلا اس سے ہو شکوہ کیسا

وقتِ مشکل جو نہیں اپنا تو اپنا کیسا

مفلسی شہر سے رخصت ہوئے عرصہ گزرا

پھر تِرے شہر میں یہ شور شرابہ کیسا

اب نئے پھول چمن میں بھی نہیں دکھتے ہیں

رنگ چھایا ہے بہاروں پہ خزاں سا کیسا

تیری تقریروں سے کل دنیا کی محفل گرم تھی

 مقرر کی موت


تیری تقریروں سے کل دنیا کی محفل گرم تھی

لغو گو لفاظیوں سے پانی پانی شرم تھی

تیرے کچھ مخصوص جملے، تیرا کچھ مخصوص ڈھنگ

برق آسا رونما کرتا تھا محشر خیز ڈھنگ

کل جسے دنیا میں تُو سمجھا تھا وجہِ برتری

اب وہ کام آتی نہیں الفاظ کی جادوگری

رنج پر رنج مصیبت سی مصیبت دیکھی

 رنج پر رنج مصیبت سی مصیبت دیکھی

ہجر مولا میں یہ آرام کی صورت دیکھی

محو دیدار رہے حشر میں عاشق تیرے

آنکھ اٹھا کر نہ کبھی خلد کی صورت دیکھی

لے لیا وعدۂ بخشش بھی دہائی کر کے

شافع حشر کی امت سے محبت دیکھی

Thursday, 29 May 2025

جہان درد و غم ہے اور میں ہوں

 جہانِ درد و غم ہے اور میں ہوں

تِرا نقش قدم ہے اور میں ہوں

کسی کی آنکھ نم ہے اور میں ہوں

وفورِ شوق کم ہے اور میں ہوں

مجھے ہے دولتِ کونین حاصل

مِرے رب کا کرم ہے اور میں ہوں

میرے قلم کی جو بھی صدا ہے مولا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میرے قلم کی جو بھی صدا ہے مولا

سبھی وہ تیری عطا ہے مولا

جی رہا ہوں دیارِ غم میں بھی

کرم یہ مجھ پہ کیا ہے مولا

تیرے کرم سے ڈھکا ہوا ہوں

یہ رحمتوں کی قبا ہے مولا

درد میرا جو صرف میرا ہو

 درد میرا جو صرف میرا ہو

آپ کس بات کے مسیحا ہو

جنگ لڑنی ہو جس کو رشتوں سے

ہو وہ پاگل نہیں تو پھر کیا ہو

وہ اتارے گئے فرشتوں سے

ہم کو جیسے زمیں پہ پھینکا ہو

سکوں تلاش نہ کر آرزو کے دیوانے

 سکوں تلاش نہ کر آرزو کے دیوانے

جو زندگی نے دیا ہے وہ زندگی جانے

اس اہتمام سے اکثر اٹھے ہیں پیمانے

کہ بوند بوند کو میں جانوں یا خدا جانے

دکھے ہوئے دل آدم میں ہے امید کی دھوم

ہیں ایک بات سے پیدا ہزار افسانے

انہیں مل گیا ہے ایسا دل پر سکوں کہاں سے

انہیں مل گیا ہے ایسا دل پر سکوں کہاں سے

کہ ہوا ہے عشق ان کو میرے نالہ و فغاں سے

کبھی چھپ کے دیکھ آئے تِرے حسن کی تجلی

کبھی تیری انجمن میں گئے مِل کے پاسباں سے

مجھے دردِ دل مِٹا دے، کہ فنا ہے رازِ ہستی

تو حیاتِ جاوداں ہو مجھے مرگِ ناگہاں سے

رہ وفا میں عجب سلسلہ بھی ملتا ہے

 رہ وفا میں عجب سلسلہ بھی ملتا ہے

کوئی ہے خوش تو کوئی غمزدہ بھی ملتا ہے

خوشی ہمیشہ ملے پیار میں کہاں ممکن

غمِ فراق کا کچھ ذائقہ بھی ملتا ہے

یہ مانا اس میں جفاؤں کا تذکرہ ہے بہت

کتابِ عشق میں بابِ وفا بھی ملتا ہے

نا اہل سے بھولے سے دانائی نہ لی جائے

 نا اہل سے بھولے سے دانائی نہ لی جائے

دریا سے سمندر کی گہرائی نہ لی جائے

ہر پل ہو ثنا خوانی اس رب حقیقت کی

اس عالم عرفاں سے تنہائی نہ لی جائے

جس بزم میں ملتا ہو انصاف جہانگیری

اس بزم سے پھر کیسے اچھائی نہ لی جائے

میرے خالق کا مجھ پر کرم ہو گیا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میرے خالق کا مجھ پر کرم ہو گیا

نعت کا کچھ تو ساماں بہم ہو گیا

نعت پر نعت لکھتا رہا رات بھر

سرخرو ان کے آگے قلم ہو گیا

میری سوچوں کے ہر زاویے پر ادھر

نقش انﷺ کا ہی نقشِ قدم ہو گیا

Wednesday, 28 May 2025

غم حبیب نہ آیا ہے سازگار کسے

 غم حبیب نہ آیا ہے سازگار کسے

غم اور اتنا حسیں غم ہے ناگوار کسے

یہاں حفاظتِ زخمِ جگر ہے ناممکن

وہ اس لیے کہ ہے نظروں پہ اختیار کسے

شکست ہو کے رہی ہے ہر ایک چارہ گری

بلا کے لائیں گے اب میرے غمگسار کسے

رگوں میں زہر کا نشتر چبھو دیا میں نے

 رگوں میں زہر کا نشتر چبھو دیا میں نے

نہ راس آیا جو ہنسنا تو رو دیا میں نے

کہیں پہ کوئی مِرا عکس ہی نہیں ملتا

کس انتشار میں خود کو ڈبو دیا میں نے

تم اپنے خواب کی آنکھوں پہ ہاتھ رکھ لینا

متاعِ جاں کی تمنا تو کھو دیا میں نے

ڈوبے نہ کبھی جو وہ قمر مانگ رہے ہیں

 ڈوبے نہ کبھی جو وہ قمر مانگ رہے ہیں

تاریک نہ ہو جو وہ سحر مانگ رہے ہیں

پھیلا کے تھکے ہاتھ یہ لب سوکھ چلے ہیں

ہوتا ہے دعا میں جو اثر مانگ رہے ہیں

پھر تُو جو گیا ساتھ بصارت بھی گئی ہے

آ جائے ںظر جس سے، نظر مانگ رہے ہیں

دل کے جذبات کو سینے میں چھپانا مشکل

 دل کے جذبات کو سینے میں چھپانا مشکل

اپنا گھر اپنے ہی ہاتھوں ہے جلانا مشکل

کیفیت دل کی تو چہرے سے عیاں ہوتی ہے

عشق اور مشک کو جیسے ہو چھپانا مشکل

مشکلیں آج بھی کچھ کم نہیں انساں کے لیے

آنے والا ہے مگر اور زمانا مشکل

بفیض عشق میرا تذکرہ کہاں نہ ہوا

 بفیض عشق میرا تذکرہ کہاں نہ ہوا

فسانہ پھر بھی کوئی زیبِ داستاں نہ ہوا

ازل سے آپ ہی اپنے رہے ہیں دُشمنِ جاں

ہمارے درپئے آزار آسماں نہ ہوا

ہمیشہ یونہی تعصّب کی دُھوپ میں پگھلا

برہنہ سر پہ مِرے کوئی سائباں نہ ہوا

محتاج کرم صاحب مقدور کھڑے ہیں

 محتاج کرم صاحب مقدور کھڑے ہیں

نادار ہیں، مفلوج ہیں، معذور کھڑے ہیں

ناکردہ خطاؤں کی کئی تہمتیں اوڑھے

اے ظرف! ترے آگے یہ مجبور کھڑے ہیں

یہ سچ ہے مرا گھر تو چراغوں سے جلا ہے

کیوں خاص تماشائی بڑے دور کھڑے ہیں

Tuesday, 27 May 2025

کف پائے محمد نے کیے شمس و قمر روشن

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


مہک بھر آئی پھولوں میں ہوئے شاخ و ثمر روشن

کفِ پائے محمدﷺ نے کیے شمس و قمر روشن

زمیں پر پیڑ چلتے ہیں،۔ کبھی سورج پلٹتا ہے

بہ فیضِ احمد مرسلﷺ ہوئے ہیں بحر و بر روشن

ہر اک پل سہارا عاصیوں کو ان کی رحمت کا

ہے جن کی سیرت اطہر کی ہر زیر و زبر روشن

عشق میں ہر بلا کو آنے دو

 عشق میں ہر بلا کو آنے دو

مجھ کو میرا مقام پانے دو

گزری باتوں کو کیسے جانے دوں

عہد ماضی کو یاد آنے دو

مرحلوں سے گریز کیا مانع

ہمت زیست کو بڑھانے دو

ہوئے بارش کو اتنے دن مگر پانی نہیں برسا

 ہوئے بارش کو اتنے دن مگر پانی نہیں برسا

ذرا سی دیر کو برسا ہے من مانی نہیں برسا

ابھی ڈالے نہیں جھولے،۔ ابھی ساون نہیں آیا

ابھی بھادوں نہیں بھیگا، ابھی پانی نہیں برسا

جدھر دیکھو ادھر میلیا رنگت کے قبضے ہیں

زمیں پر رنگ لگتا ہے ابھی دھانی نہیں برسا

تصور میں مرے کعبہ نہ اب بتخانہ آتا ہے

 تصور میں مرے کعبہ نہ اب بتخانہ آتا ہے

نظر ہر سمت مجھ کو جلوۂ جانانہ آتا ہے

ہوا ہوں ایسا بے خود اک بت کافر کی الفت میں

کہ کعبہ میں بھی اب مجھ کو نظر بت خانہ آتا ہے

حقیقت میں نمود حسن ہی ہے عشق کا باعث

نمائش حسن کی ہوتی ہے جب پروانہ آتا ہے

کیا عجب مرنے پہ بھی عشق کی خو ساتھ رہے

 کیا عجب مرنے پہ بھی عشق کی خُو ساتھ رہے

سُوکھ بھی جائے اگر پھُول تو بُو ساتھ رہے

کانپتے ہاتھوں سے دامانِ تقدس نہ چھٹے

میکدے جاؤں تو اک ظرفِ وضو ساتھ رہے

اے خیالِ رخِ جاناں! مِری جاں تجھ پہ نثار

دونوں عالم مجھے حاصل ہیں جو تُو ساتھ رہے

گم ہو نہ جائے رونق بازار کیا کریں

 گُم ہو نہ جائے رونقِ بازار کیا کریں

مہنگائی اس قدر ہے خریدار کیا کریں

بچوں سے اپنے اُنس کا اصرار کیا کریں

ہم خود ہیں اپنی ذات سے بیزار کیا کریں

عزت کا پاس کوئی بھی کرتا نہیں ہے اب

شہرِ انا میں صاحبِ دستار کیا کریں

چہرہ شمس الضحیٰ دلربا آپ کا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


چہرہ شمس الضحیٰ، دلربا آپؐ کا

کوئی ثانی کہاں مصطفیٰﷺ آپ کا

حوض کوثر کے ساقی شہہ دوجہاں

دستِ قدرت ہے دستِ عطا آپ کا

شافعِ روز محشرﷺ کرم کیجیے

مجھ سے عاصی کو ہے آسرا آپ کا

نیا شگوفہ اشارۂ یار پر کھلا ہے

 نیا شگوفہ اشارۂ یار پر کھلا ہے

گلاب اب کے چمن کی دیوار پر کھلا ہے

یہ کیسی انگڑائی لی ہے احساس زندگی نے

مسیح کا رنگ روئے بیمار پر کھلا ہے

نفی کا جادو جگا رہی ہیں طلسمی آنکھیں

وہ حرف مطلب فصیل اظہار پر کھلا ہے

جس طرح سے پھولوں کی ڈالیاں مہکتی ہیں

 جس طرح سے پھولوں کی ڈالیاں مہکتی ہیں

میرے گھر کے آنگن میں بیٹیاں مہکتی ہیں

پھول سا بدن تیرا اس قدر معطر ہے🌼

خواب میں بھی چھو لوں تو انگلیاں مہکتی ہیں

ماں نے جو کھلائی تھیں اپنے پیارے ہاتھوں سے

ذہن میں ابھی تک وہ روٹیاں مہکتی ہیں

کیسے ہیں لوگ اور یہ کیسا دیار ہے

کیسے ہیں لوگ اور یہ کیسا دیار ہے

دیکھو جسے اسیرِ غمِ روزگار ہے

ہر ایک شخص بغض و حسد کا شکار ہے

یا رب! جہاں میں تیرے یہ کیا انتشار ہے

درماندگی سے لوگ ہراساں ہیں ہر طرف

دامانِ دل ہے چاک،۔ تو سینہ فگار ہے

Monday, 26 May 2025

دل کے کہنے پہ میں چلا ہی نہیں

 دل کے کہنے پہ میں چلا ہی نہیں

عشق کی چال میں پھنسا ہی نہیں

اس گرانی میں عشق کو ٹٹولا

لاکھ پیٹا مگر چلا ہی نہیں

جس طرح میں لٹا جوانی میں

یوں کوئی آج تک لٹا ہی نہیں

اٹھو ردائے رعونت کو تار تار کریں

 اٹھو ردائے رعونت کو تار تار کریں

خدا کے نام پہ انسانیت سے پیار کریں

چلو چمن میں چراغاں بصد وقار کریں

بڑھو حیات کے دامن کو لالہ زار کریں

نئی فضائیں، نئی نکہتیں، نئی راہیں

گلِ مراد سے دامن کو مشکبار کریں

وہ خاتم المرسلین جس نے تمام شعبوں میں زندگی کے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


وہ خاتم المرسلینؐ جس نے

تمام شعبوں میں زندگی کے

عمل کے پیکر میں خود کو ڈھالا

امین ایسا

کہ خود امانت کو

اپنی قسمت پہ رشک آئے

محبت کی فراوانی نہیں ہے

 محبت کی فراوانی نہیں ہے

زمانے! کوئی حیرانی نہیں ہے

اسے جس طرح تم چاہو بہا دو

ہے خوں انسان کا پانی نہیں ہے

بلند آوازِ حق کرتا رہوں گا

مجھے تسلیم آسانی نہیں ہے

ہنر مندی جو تہمت بھر ملی ہے

 ہنر مندی جو تہمت بھر ملی ہے

تو رسوائی بھی شہرت بھر ملی ہے

مجھے تعبیر کی جھوٹی نمائش

حسیں خوابوں کی جنت بھر ملی ہے

وہ کیسا پیڑ تھا جو چھاؤں اس کی

مجھے سورج کی حِدت بھر ملی ہے

زندگی کی راہوں میں پر خطر اندھیرا ہے

 زندگی کی راہوں میں پر خطر اندھیرا ہے

دیکھ کر قدم رکھنا ہمسفر اندھیرا ہے

غم کی رات میں یوں تو زخمِ دل بھی روشن ہے

پھر بھی دیکھ لے آ کر، کس قدر اندھیرا ہے

تابناک ماضی کے ان حسین محلوں کا

ہر چراغ مُردہ ہے، ہر کھنڈر اندھیرا ہے

بزم خوباں سے اٹھے دار و رسن تک پہنچے

 بزمِ خُوباں سے اُٹھے دار و رسن تک پہنچے

آپ ہی آپ مِرے پاؤں گگن تک پہنچے

ایک میں ہی تھا جو صیّاد کی جھولی میں گرا

اُڑ گئے سارے پرندے جو چمن تک پہنچے

صرف دل ہی کو جلانا تو کوئی بات نہیں

عشق اک آگ اگر ہے تو بدن تک پہنچے

آگ نفرت کی بجھانے کے لیے کافی ہوں

 آگ نفرت کی بجھانے کے لیے کافی ہوں

میں تجھے پیار سکھانے کے لیے کافی ہوں

ایک قطرہ ہوں میں دریا تو نہیں ہوں لیکن

میں تِری پیاس بجھانے کے لیے کافی ہوں

میں ہوں کمزور مگر اتنا بھی کمزور نہیں

میں تِرا شہر جلانے کے لیے کافی ہوں

Sunday, 25 May 2025

کوچۂ سرکار کی باتیں کریں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کوچۂ سرکارؐ کی باتیں کریں

خلد کے گلزار کی باتیں کریں

لحنِ داؤدی بھی ہے جس پر فدا

ان لب و رخسار کی باتیں کریں

نیکیاں آ جائیں گی کرنا ہمیں

سیدِ ابرارﷺ کی باتیں کریں

عظیم سچ مرے خدایا بچھڑ نہ جائے

 عظیم سچ


مرے خدایا

بچھڑ نہ جائے

جو مجھ سے اب تک ملا نہیں ہے

وہ میری راتوں کا رت جگا بھی

ہے میرے خوابوں کی چاندنی بھی

میں اس کو دیکھوں

چشم تر ہے کوئی سراب نہیں

 چشم تر ہے کوئی سراب نہیں

درد دل اب کوئی عذاب نہیں

کیسے اس بات پر یقیں کر لوں

تو حقیقت ہے کوئی خواب نہیں

موسم گل کا ذکر رہنے دے

یہ مری بات کا جواب نہیں

اک قصۂ طویل ہے افسانہ دشت کا

 اک قصۂ طویل ہے افسانہ دشت کا

آخر کہیں تو ختم ہو ویرانہ دشت کا

مجھ کو بھی غرق بحر تماشا میں کر دیا

اب حد سے بڑھتا جاتا ہے دیوانہ دشت کا

تعویذ آب کے سوا چارہ نہیں کوئی

آسیب تشنگی سے ہے یارانہ دشت کا

زخم گناہ چاہتی ہے جان ان دنوں

 زخم گناہ چاہتی ہے جان ان دنوں

آنسو ہی اب تو ہو گئے پہچان ان دنوں

دوشیزۂ زندگی سے دل اچاٹ ہو گیا

ہے موت کی حسینہ سے پیمان ان دنوں

سنگ کھاتے کھاتے مر گیا آشفتہ آدمی

زندہ ہے مجھ میں اک نیا انسان ان دنوں

دلوں کے راز سپرد ہوا نہیں کرتے

 دلوں کے راز سپرد ہوا نہیں کرتے

ہم اہل دل ہیں تماشا بپا نہیں کرتے

کبھی گلوں کی وہ خواہش کیا نہیں کرتے

جنہیں عزیز ہیں کانٹے گلہ نہیں کرتے

ہمارے نام سے زندہ ہے سنت فرہاد

ہم اپنے چاک گریباں سیا نہیں کرتے

Saturday, 24 May 2025

رحمتوں کے نزول کر یا رب

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


رحمتوں کے نزول کر یا رب

زحمتیں سب فضول کر یا رب

راہ جو بھی جدھر کو جاتی ہو

اس کو راہِ رسولﷺ کر یا رب

بے اصولوں کا با اصول بنا

یعنی کانٹوں کو کو پھول کر یا رب

تبدیلی کا اشارہ ابھی کچھ بھی نہیں بدلا

 تبدیلی کا اشارہ


ابھی کچھ بھی نہیں بدلا

مگر آثار کہتے ہیں

اسی ظلمت گزیدہ راہ سے سورج کو آنا ہے

فصیلوں پر جمی گہری سیاہی کے افق سے

چمکتی دھوپ کے منظر کو کھلنا ہے

ہمیں اس نیند سے بیدار ہونا ہے

اس پہ جی سے گزر گئے شاید

 اس پہ جی سے گزر گئے شاید

نامہ بر جا کے مر گئے شاید

قاصد آتا نہیں خجالت سے

خط وہ لے کے مُکر گئے شاید

آئی جو ماہتاب میں رونق

بام سے وہ اُتر گئے شاید

سنگ جفا سے پس کے ولی خاک تو ہوا

 سنگ جفا سے پس کے ولی خاک تو ہوا

بارے حریفِ گردشِ افلاک تو ہوا

یغمائے روزگار نے چھینا سکونِ دل

لیکن معاملات میں چالاک تو ہوا

دل کو مدافعت کے طریقے تو آ گئے

لُٹ کر رہِ حیات میں بے باک تو ہوا

قلندر تھا کوئی سلطان تھا میں

 قلندر تھا کوئی سلطان تھا میں

کوئی دن دشت میں مہمان تھا میں

گِرا دیکھا اٹھایا نہ کسی نے

کہ لا وارث کوئی سامان تھا میں

چھُوا تم نے تو مجھ میں جان آئی

تو کیا اتنے دنوں بے جان تھا میں

گزر جہاں کے خنجر دو دم سے کھیلتا ہوا

 گزر جہاں کے خنجرِ دو دم سے کھیلتا ہُوا

خوشی سے کھیلتا ہوا، الم سے کھیلتا ہوا

ہوائے دَیر و کعبہ و حرم سے دُور دُور

ہوائے دَیر و کعبہ و حرم سے کھیلتا ہوا

کسی کے گیسوؤں کے پیچ و خم کا ہو کے رہ گیا

کسی کے گیسوؤں کے پیچ و خم سے کھیلتا ہوا

فائدہ کچھ نہیں اشاروں سے

 فائدہ کچھ نہیں اشاروں سے

ہم بہت دور ہیں کناروں سے

دل منور ہوا شراروں سے

ہم کو نسبت ہے چاند تاروں سے

خوب مہکے خزاں کے موسم میں

زخم کھائے تھے جو بہاروں سے

Friday, 23 May 2025

نگاہ شوق تجھے کامیاب کس نے کیا

 نگاہ شوق تجھے کامیاب کس نے کیا

دل تباہ کو خانہ خراب کس نے کیا

کتاب غم کی کئی لوگ لکھ رہے تھے مگر

ہمارے نام اسے انتساب کس نے کیا

خموش درد کو اظہار کی زباں دے کر

خود اپنے آپ کو یوں بے نقاب کس نے کیا

دیار مصطفیٰ کی آرزو ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


دیار مصطفیٰﷺ کی آرزو ہے

درِ خیرالوریٰﷺ کی آرزو ہے

لگا لے آنکھ سے روضے کی جالی

یہ ان کے ہر گدا کی آرزو ہے

ملے حسنینؑ کا مجھ کو اتارا

غلامِ مصطفیٰؐ کی آرزو ہے

وہ لڑکی جو تمہاری ہمسفر ہے

 وہ لڑکی

جو تمہاری ہمسفر ہے

جسے میں نے کبھی

دیکھا نہیں

جسے میں نے کبھی جانا نہیں ہے

اس انجان لڑکی کے لیے

اس کا جھوٹ سند ہے حد ہے

 اس کا جھوٹ سند ہے حد ہے

میری سچ بات بھی رد ہے حد ہے

ایسی کرتا وہ مدد ہے، حد ہے

چھوٹا کرتا میرا قد ہے، حد ہے

بھوک سے لوگ گنواتے ہیں جان

اور سڑتی یہ رسد ہے، حد ہے

کب دھلتی ہے چہرے سے یہ گردِ سفر پوچھو

 کب دھلتی ہے چہرے سے یہ گردِ سفر پوچھو

آوارہ ہواؤں سے موسم کی خبر پوچھو

پھر لوگ بناتے ہیں تعمیر کا منصوبہ

مٹ جائیں گے نقشہ سے کیا اور بھی گھر پوچھو

کہنے کو تو کہہ دیں گے احوال زمانے کا

اور خود سے بھی غافل ہیں سچ بات اگر پوچھو

ہمیشہ کسی امتحاں میں رہا

 ہمیشہ کسی امتحاں میں رہا

رہا بھی تو کیا اس جہاں میں رہا

وہ دریا پہ مجھ کو بُلاتا رہا

مگر میں صفِ تشنگاں میں رہا

میں بُجھنے لگا تو بہت دیر تک

اُجالا چراغِ زیاں میں رہا

یوں جو کھلتا ہے زمانے کا بھرم اچھا ہے

 یوں جو کھلتا ہے زمانے کا بھرم اچھا ہے

ہم پہ ہوتے ہیں زمانے کے ستم اچھا ہے

وہ قدم کیا جو تجسس میں رہے منزل کے

بڑھ کے خود چوم لے منزل وہ قدم اچھا ہے

ہے تمنائے اسیری تو کبھی اس میں الجھ

گیسوئے وقت کا پیچ اچھا ہے خم اچھا ہے

Thursday, 22 May 2025

میرے آقا مرے سرکار مدینے والے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میرے آقاؐ مرے سرکارؐ مدینے والے

دیکھ لوں طیبہ کا گلزار مدینے والے

زحمتِ لطف ہو سرکارؐ مدینے والے

سر پہ عصیاں کا ہے انبار مدینے والے

تم غریبوں کے ہو غمخوار مدینے والے

ہو ادھر بھی نظر اک بار مدینے والے

اگر سکون نہیں اپنے آشیانے میں

 اگر سکون نہیں اپنے آشیانے میں

تو زندگی ہے اجیرن میاں زمانے میں

ہے خوں کا پیاسا یہاں بھائی ایک بھائی کا

بڑا فساد ہے انسان کے فسانے میں

جو ہیں ہوس کے پجاری وہ مال و زر کے لیے

نہیں ہے خوف انہیں خوں کا خوں بہانے میں

بدل گئی ترے دل کی فضا خدا حافظ

 بدل گئی ترے دل کی فضا خدا حافظ 

کریں گے کیا یہاں اہلِ وفا خدا حافظ

ترے سوا بھی کئی لوگ مجھ سے بچھڑے ہیں

سنا ہے میں نے کئی مرتبہ خدا حافظ

کسی نے چُپکے سے رستہ بدل لیا اپنا

کسی نے شور مچا کر کہا خدا حافظ

شہر کا شہر جلا اور اجالا نہ ہوا

 شہر کا شہر جلا اور اجالا نہ ہوا

سانحہ کیا یہ مقدر کا نرالا نہ ہوا

ہے فقط نام کو آزادئ اظہار خیال

ورنہ کب کس کے لبوں پر یہاں تالا نہ ہوا

ٹوٹتے شیشے کو دیکھا ہے زمانے بھر نے

دل کے ٹکڑوں کا کوئی دیکھنے والا نہ ہوا

آنکھوں کو آنسوؤں سے محبت ہے کیا کروں

 آنکھوں کو آنسوؤں سے محبت ہے کیا کروں

دل پر تمہارے غم کی حکومت ہے کیا کروں

شیشوں کا ہے مکان کہ حیرانیوں کا گھر

صورت ہر ایک تیری ہی صورت ہے کیا کروں

ہو کر کبھی ادھر سے گزرتی نہیں بہار

میرے چمن کو تیری ضرورت ہے کیا کروں

جسے لالچ نہ ہو ایسا بڑی مشکل سے ملتا ہے

 جسے لالچ نہ ہو ایسا بڑی مشکل سے ملتا ہے

غریب انسان کو رشتہ بڑی مشکل سے ملتا ہے

امیروں کے تو قدموں میں پڑی رہتی ہے یہ دولت

مگر مزدور کو پیسہ بڑی مشکل سے ملتا ہے

اندھیروں میں اجالا ڈھونڈنے والوں کو سمجھا دو

سیاست میں کوئی "سچا" بڑی مشکل سے ملتا ہے

دھوپ کو گرم نہ کہہ سایۂ دیوار نہ دیکھ

 دھوپ کو گرم نہ کہہ سایۂ دیوار نہ دیکھ 

تجھ کو چلنا ہے تو پھر وقت کی رفتار نہ دیکھ

میری فکروں سے الجھ مجھ کو سمجھنے کے لیے 

دور سے موج میں الجھی ہوئی پتوار نہ دیکھ

ان کی روحوں کو پرکھ آدمی ہیں بھی یا نہیں 

صرف صورت پہ نہ جا جبہ و دستار نہ دیکھ

Wednesday, 21 May 2025

کرتا ہے یہ دعا دل بیمار کا چراغ

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کرتا ہے یہ دعا دل بیمار کا چراغ

آنکھوں کو عطا کیجیے دیدار کا چراغ

احباب کا چراغ نہ اغیار کا چراغ

دل میں جلاؤ الفت سرکار کا چراغ

واللہ راہ حق سے وہ ہرگز نہیں ہٹا

جو لے کے چلا ہے تِرے کردار کا چراغ

مدتوں بعد ملا ہے تو اور

 مُدتوں بعد مِلا ہے تُو

اور

ایک بار پھر احساس کی لویں جاگ اُٹھی ہیں

تُو اب بھی میرا ہے

صرف میرا

تیری آنکھوں میں میرا ہی عکس ہے

تلاش لفظ اب بھی ہے وہیں کی وہیں

 لفظ کی تلاش


میں تو عمر بھر لفظ کی تلاش میں رہا

اس سعئ کار میں دنیا نے بہت کچھ کہا

گھر والوں نے بھی نکال باہر کیا اور کہا؛

جاؤ بازار میں تلاش کرو اس کا صلہ

فاقے کرو گے تو دماغ ٹھکانے آ جائے گا

اب پاؤں میں سکت نہیں

جب تلک نام ترا ورد زباں رہتا ہے

 جب تلک نام تِرا وِردِ زباں رہتا ہے

دل کی بستی میں عجب ایک سماں رہتا ہے

ایک مُدت ہوئی وہ شخص جُدا ہے مجھ سے

اب خُدا جانے وہ کیسا ہے، کہاں رہتا ہے

یوں نہیں ہے کہ ہمیں تیرے ستِم یاد نہیں

زخم بھر جائے اگر پھر بھی نشاں رہتا ہے

وہ زخم دے کے مجھے اندمال پوچھے گا

 وہ زخم دے کے مجھے اندمال پُوچھے گا

تڑپتے دیکھے گا اور میرا حال پوچھے گا

مِری تو جتنی بھی گُزری ہے ہجر میں گُزری

تو مجھ سے کیا کوئی لُطفِ وِصال پوچھے گا

وہ جس کی چاہ میں سب کچھ لُٹا دیا میں نے

وہی تو زیست کا حاصل مآل پوچھے گا

اس نے یہ فاصلہ اس واسطے رکھا ہو گا

 اس نے یہ فاصلہ اس واسطے رکھا ہو گا

پاس آ کر مرے بیٹھے گا تو چرچا ہو گا

آج پھر اس نے مجھے یاد کیا ہے شاید

دل نے یوں ہی تو نہیں شور مچایا ہو گا

دیکھنا لوگ محبت کی مثالیں دیں گے

نام آئے گا مِرا ذکر تمہارا ہو گا

یہاں کیا قتل خوابوں کا ہوا ہے

 یہاں کیا قتل خوابوں کا ہوا ہے

تِری آنکھوں میں کیوں کرفیو لگا ہے

میں جس کے عشق میں مٹی ہوا تھا

اسے سونے کے پانی سے لکھا ہے

مِری آنکھوں میں اکثر دکھنے والا

مِری آواز کے پیچھے چھپا ہے

Tuesday, 20 May 2025

پیار ہی پیار کا گلستاں آپ ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


پیار ہی پیار کا گلستاں آپﷺ ہیں

میرا دل آپ ہیں میری جاں آپ ہیں

جو ملا آپ سے آپﷺ کا ہو گیا

خلق کا اک عظیم آسماں آپ ہیں

آپ کا جو نہیں وہ کسی کا نہیں

ایسے گستاخ کے پھر کہاں آپ ہیں

ریت کے تودے پر شیشے کا مکان

 شیشے کا مکان


مٹھی بھر خاک سے زیست کا سامان

ریت کے تودے پر شیشے کا مکان

جو بن جائے تو مکینوں کے دھڑکتے دل

خوف سے لرزا و ہراساں رہیں ہر پل

کہ پورب سے آئی آندھی

یا پچھم سے پتھر کی ضرب

خامشی باعث رسوائی نہیں ہوتی ہے

 خامشی باعث رسوائی نہیں ہوتی ہے

مستقل بولنا دانائی نہیں ہوتی ہے

ہر جگہ دل کے پھپھولے نہیں پھوڑا کرتے

ہر جگہ زخم پہ ترپائی نہیں ہوتی ہے

ہم غریبوں کے نوالوں پہ اثر پڑتا ہے

ہر کسی کے لیے مہنگائی نہیں ہوتی ہے

دل کی اک حرف و حکایات ہے یہ بھی نہ سہی

 دل کی اک حرف و حکایات ہے یہ بھی نہ سہی

گر مری بات میں کچھ بات ہے یہ بھی نہ سہی

عید کو بھی وہ نہیں ملتے ہیں مجھ سے نہ ملیں

اک برس دن کی ملاقات ہے یہ بھی نہ سہی

دل میں جو کچھ ہے تمہارے نہیں پنہاں مجھ سے

ظاہری لطف و مدارات ہے یہ بھی نہ سہی

حال ہمارا کیا پوچھو ہو آگ دبی اکساؤ ہو

 حال ہمارا کیا پوچھو ہو آگ دبی اکساؤ ہو

شعلے کب کے راکھ ہوئے اب خاک انہیں لہکاؤ ہو

پیڑ پہ جب پھل پات نہیں تو پت جھڑ کیا لے جائے گا

خرمن کب کا خاک ہوا بے کار ہمیں دھڑکاؤ ہو

کوئی ڈگر ہموار ملے تو اس کے سادھن کر ڈالو

ٹیڑھی میڑھی پگڈنڈی پر جان کے دھوکا کھاؤ ہو

ترانۂ مسلم زور ایماں سے اگر کام مسلماں لے لے

 ترانۂ مسلم


زور ایماں سے اگر کام مسلماں لے لے

زندگی خضر سے لے نوح سے طوفاں لے لے

جتنے تاریک مراحل ہیں منور ہو جائیں

ہاتھ میں دل کی اگر شمع فروزاں لے لے

زندگی عزم طلب، عزم کو جرأت کی تلاش

خوف تجھ سے نہ کہیں موت کا پیماں لے لے

Monday, 19 May 2025

آفاق دل میں طلعتِ فن اور بڑھ گئی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


آفاقِ دل میں طلعتِ فن اور بڑھ گئی

نعتِ نبیؐ سے تابِ سخن اور بڑھ گئی

خیرات لیے کے آئی صبا اُن کے باغ سے

رنگینئ جمالِ چمن اور بڑھ گئی

بزمِ ثنائے زلف میں جب سے ہوئی شریک

دنیا میں قدرِ مُشکِ ختن اور بڑھ گئی

دار پر بھی تجھے پکارا ہے

 دار پر بھی تجھے پکارا ہے

کس قدر حوصلہ ہمارا ہے

حوصلے چھو رہے ہیں ساحل کو

گرچہ گرداب میں شکارا ہے

جو چمکتا ہے صبح مشرق سے

وہ مِرے بخت کا ستارا ہے

متاع ہوش یہاں سب نے بیچ ڈالی ہے

 متاع ہوش یہاں سب نے بیچ ڈالی ہے

تمہارے شہر کی تہذیب ہی نرالی ہے

ہم اہل درد ہیں تقسیم ہو نہیں سکتے

ہماری داستاں گلشن میں ڈالی ڈالی ہے

نہ جانے بزم سے کس کو اٹھا دیا تم نے

تمام شہر وفا آج خالی خالی ہے

سپاٹ چہرہ ہے آنکھوں میں خواب تک بھی نہیں

 سپاٹ چہرہ ہے آنکھوں میں خواب تک بھی نہیں

بچھڑ رہے ہیں، مگر اضطراب تک بھی نہیں

تِرا خیال تو پھر بھی وجود رکھتا ہے

میں ایسا دشت ہوں جس میں سراب تک بھی نہیں

وہ چاہتا ہے کہ تحفے میں باغ دوں اس کو

مِری رسائی تو شاخِ گُلاب تک بھی نہیں

کوئی تو حسب خواہ بھی میرا دکھائی دے

 کوئی تو حسب خواہ بھی میرا دکھائی دے

جس کو جہاں میں کہہ سکوں اپنا دکھائی دے

کس نے بنایا ایسا مِرے شہر کا نظام

انسانیت بھی خون کا دریا دکھائی دے

گرد و غبار راہ سے ایسا ہٹاؤ تم

پانی کے طرح شہر کا نقشہ دکھائی دے

اگرچہ سر نہیں شانوں پہ سر کی آگ تو ہے

 اگرچہ سر نہیں شانوں پہ سر کی آگ تو ہے

بریدہ دست سہی پر ہنر کی آگ تو ہے

جنوں کا اپنا تماشا، خرد کی اپنی مہک

ہمارے پاؤں میں روشن سفر کی آگ تو ہے

خموش شہر میں پھر قہقہہ سنائی دیا

اے زیست تجھ کو مبارک خبر کی آگ تو ہے

Sunday, 18 May 2025

لایا ہوں میں گلاب کا لہجہ نچوڑ کے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


لایا ہوں میں گلاب کا لہجہ نچوڑ کے

داتا کی مدح کرنی تھی خوشبو کو جوڑ کے

ہوتا ہے جب چمن میں خراماں حسن کا لال

پڑتے ہیں پاؤں سرو و سمن دوڑ دوڑ کے

اتنا کہا تھا میں نے کہ داتا کا ہوں غلام

ساحل پہ خود گیا ہے بھنور مجھ کو چھوڑ کے

پنجرے میت پر نہ روو

 پنجرے


میت پر نہ روؤ

کہ یہ آزاد ہوئیں

رونا ہے تو ان

ان یادوں پر روؤ

کہ یہ سانسوں کے

پنجرے سے

کیا عجب شخص ہے وہ، خندۂ بسمل والا

 کیا عجب شخص ہے وہ، خندۂ بسمل والا

بے دلی میں بھی بہر گام لگے دل والا

کوئی ہوتا ہے مِرے عالمِ محبوسی میں

نشۂ باد چُرا لاتا ہے ساحل والا

دیکھ تا دیر نہ رکھ چاک نگاہی اپنی

بند گلیوں کے اندھیروں سے کہیں سِلوا لا

وفا شناس ہی جب عشق کا امیں نہ رہے

 وفا شناس ہی جب عشق کا امیں نہ رہے

تو کیا رہے بھی اگر طور ملحدیں نہ رہے

تیری گلی کے نکالے نکل گئے بن کو

رہا نہ کچھ بھی ہمارا جو ہم وہیں نہ رہے

اس ایک پل کو غذائے حیات کر لوں گا

کبھی تو تیری زباں محور نہیں نہ رہے

ہوا پھر عکس اپنا یوں جدا آہستہ آہستہ

 ہوا پھر عکس اپنا یوں جدا آہستہ آہستہ

کہ جیسے ہاتھ سے رنگ حنا آہستہ آہستہ

بہت مانوس نظروں سے اچانک کیسے ہٹ جاتا

میں منظر سے پس منظر ہوا آہستہ آہستہ

پھر اس کے بعد ڈھونڈا جائے گا میرا بدن یعنی

مجھے مشہور کر دے گی ہوا آہستہ آہستہ

ساقی نہ میکشوں کا کھلے راز میرے بعد

 ساقی نہ میکشوں کا کھلے راز میرے بعد

دروازہ مے کدہ کا رہے باز میرے بعد

آئیں گی یاد ان کو مِری نغمہ سنجیاں

مجھ کو کریں گے یاد ہم آواز میرے بعد

میں خاک ہو کے مٹ ہی گیا راہِ عشق میں

اس انتہا کا ہو گا نہ آغاز میرے بعد

Saturday, 17 May 2025

ایک عورت ہے جو مشہورِ زماں ہوتی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ایک عورت ہے جو مشہورِ زماں ہوتی ہے 

عقدِ سرکارﷺ میں آتی ہے تو ماں ہوتی ہے

چاروں بیٹی میں خدیجہؑ کا جمال آیا ہے 

چوتھی بیٹی سے مگر خوب عیاں ہوتی ہے

شعر قرطاس پہ آتے ہیں برائے تمدیح

آپؐ کی یاد رگ و پَے میں رواں ہوتی ہے 

یہ نار محبت کہیں تجھ کو نہ جلا دے

 یہ نارِ محبت کہیں تجھ کو نہ جلا دے

یادوں کی دبی راکھ کو ہرگز نا ہوا دے

لازم نہیں ہر بار تجھے ہم ہوں میسر

ممکن ہے تو اس بار ہمیں سچ میں گنوا دے

کب تک تِری یادوں کی اذیت کو سہوں میں

اس کرب سے مجھ کو کوئی آزاد کرا دے

اچھے خاصے لوگ برے ہو جاتے ہیں

 اچھے خاصے لوگ برے ہو جاتے ہیں

جاگنے کا دعویٰ کر کے سو جاتے ہیں

شہر کا بھی دستور وہی جنگل والا

کھوجنے والے ہی اکثر کھو جاتے ہیں

دیوانوں کی گھات میں بیٹھنے والے لوگ

سنتے ہیں اک دن پاگل ہو جاتے ہیں

چاہتوں کا وہ سلسلہ بھی نہیں

 چاہتوں کا وہ سلسلہ بھی نہیں

دل مری بات مانتا بھی نہیں

کیوں ہے یہ تیرگی بتاؤ تو

اک دیا بھی یہاں پہ جلتا نہیں

دل پہ میرے جو تم نے لکھا تھا

نام اب تک تِرا مِٹا بھی نہیں

خواب آنکھوں میں ٹوٹ جاتے ہیں

 خواب آنکھوں میں ٹُوٹ جاتے ہیں

روز ہم کِرچیاں اُٹھاتے ہیں

آدمی ہیں مگر خدا کی قسم

ہم خداؤں کے کام آتے ہیں

بزمِ رِنداں سجے گی آج کی شب

آ تجھے روشنی میں لاتے ہیں

مجھ کو پاگل وحشی، ظالم نیتن یاہو لگتا ہے

 مجھ کو پاگل، وحشی، ظالم نیتن یاہو لگتا ہے

امریکہ کو کب یہ مجرم نیتن یاہو لگتا ہے

مذہب سب کا اپنا اپنا ، سب کا تقدس لازم ہے

سب سے بڑا اس وقت جو شاتم نیتن یاہو لگتا ہے

مسجد رب کی یاد کا حجرہ مسجد پر جو بم پھوڑے

حق کا منکر، کفر کا سنگم نیتن یاہو لگتا ہے

رحمت و نور کا اک چشمۂ جاری قرآں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


رحمت و نور کا اک چشمۂ جاری قرآں 

باغِ عالم کے لیے بادِ بہاری قرآں

آئی ہے نبضِ دو عالم میں حرارت اس سے 

بزمِ کونین میں ہے جلوۂ باری، قرآں 

مصدرِ حکمت و دانائی ہے اک اک نقطہ 

ہر اندھیرے میں ہے اک تابشِ کاری، قرآں

Friday, 16 May 2025

ارض مقدس حرف شرمندہ ہیں

 ارضِ مقدس   

حرف شرمندہ ہیں

لفظ گھائل ہیں آج

جملے بے معنی ہیں

مذمت ناکافی ہے آج

فلسطین لہو لہو ہے آج 

یہ مسکن ہے انبیاء کا

یہ کوئی اجنبی جزیرہ ہے

 ماہیا/ثلاثی/سہ حرفی/*ہائیکو/تروینی/ترائلے


یہ کوئی اجنبی جزیرہ ہے

ہم نفس ہے نہ کوئی ہم آواز

کتنا مجبور ہو گیا ہوں میں


اکرم کلیم

بے سبب تھوڑی جاگتے ہیں ہم

 بے سبب تھوڑی جاگتے ہیں ہم

رات کا درد بانٹتے ہیں ہم

خون رستہ ہے چاند سے شب بھر

نوکِ خامہ سے چاٹتے ہیں ہم

کوئی آہٹ طواف کرتی ہے

دائرہ وار ناچتے ہیں ہم

میں شاہراہ غم پہ تھا حیراں کھڑا ہوا

 میں شاہراہ غم پہ تھا حیراں کھڑا ہوا

قسمت کی بات ہے کہ تِرا سامنا ہوا

تیری جفا تو ایک بہانہ ہے ورنہ دوست

دل تھا ہمارا روز ازل کا دکھا ہوا

ویرانۂ حیات میں دل کا یہ حال ہے

جیسے خزاں میں پھول اکیلا کھلا ہوا

رہ کے پستی میں بلندی پہ نظر رکھتے ہیں

 رہ کے پستی میں بلندی پہ نظر رکھتے ہیں

راہ دشوار سہی، عزمِ سفر رکھتے ہیں

ہم کو منزل سے اندھیرے نہیں بھٹکا سکتے

اپنے دامن میں کئی شمس و قمر رکھتے ہیں

دیکھنے میں تو ہیں پھولوں سے بھی نازک یارو

اپنے دامن میں مگر برق و شرر رکھتے ہیں

زندگی کا رسن و دار سمجھ رکھا تھا

 زندگی کا رسن و دار سمجھ رکھا تھا

راہِ یک گام و دُشوار سمجھ رکھا تھا

تھا عجب میرے گناہوں میں اک احساس لطیف

مجھ کو خود جس نے خطاوار سمجھ رکھا تھا

وہ محض دھوپ کا اک رخ تھا جسے لوگوں نے

آج تک سایۂ دیوار سمجھ رکھا تھا

Thursday, 15 May 2025

غریبوں کی حاجت روا کرنے والے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


غریبوں کی حاجت روا کرنے والے

فقیروں کو دولت عطا کرنے والے

عفو کرنے والے عطا کرنے والے

کرم چاہتے ہیں خطا کرنے والے

اشارے سے مردے جِلا دینے والے

تبسم سے دل کی دوا کرنے والے

پوچھ مت کل آئینہ میں کیا ہوا

 پوچھ مت کل آئینہ میں کیا ہوا

اپنے زندہ ہونے کا دھوکہ ہوا

روز سورج ڈوبتا اگتا ہوا

وقت کی اک کیل پر لٹکا ہوا

آ گیا لے کر ادھاری روشنی

چاند نے سورج کو ہے پہنا ہوا

مکر و فریب و ظلم و جفا چھوڑئیے حضور

 مکر و فریب و ظلم و جفا چھوڑئیے حضور

اچھا نہیں یہ آپ کا حد سے سوا غرور

بینا جو آنکھ دل کی ہو ذرہ ہے آفتاب

ظلمت جو دل میں ہو تو کسی شے میں کیوں ہو نور

آلودگئ ذہن و دل ہی کی یہ دین ہے

چہرہ پہ ہی خوشی ہے نہ تو دل میں کچھ سرور

بجھ نہ جائے مرا دیا سائیں

 بُجھ نہ جائے مِرا دیا سائیں

تیز ہونے لگی ہوا سائیں

تُو ہی سُن لے کہ تُو ہی سنتا ہے

کون سُنتا ہے پھر دُعا سائیں

گھر جلانا بنا کے دنیا بھی

بند ہو اب یہ سلسلہ سائیں

چمن میں رہ کے بھی دل کو اگر قرار نہیں

 چمن میں رہ کے بھی دل کو اگر قرار نہیں

تو یہ بہار کی توہین ہے بہار نہیں

تمہارا حسن جو پھولوں سے آشکار نہیں

مِری نگاہ بھی شرمندۂ بہار نہیں

حضور آپ کے وعدوں کا کیا یقیں آئے

یہاں تو زیست پہ بھی اپنی اعتبار نہیں

نہ دے فریب وفا لے نہ امتحاں اپنا

 نہ دے فریب وفا لے نہ امتحاں اپنا

ہے بے‌ نیاز کرم یار بد گماں اپنا

پہنچ چکے تھے سر شاخ گل اسیر ہوئے

لٹا ہے سامنے منزل کے کارواں اپنا

ہر ایک ذرۂ عالم ہے اور سجدۂ شوق

رکھیں اٹھا کے وہ اب سنگ آستاں اپنا

حسن فطرت کو ہجوم عاشقاں درکار تھا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


حُسنِ فطرت کو ہجومِ عاشقاں درکار تھا

عاشقوں کو بہرِ سجدہ آستاں درکار تھا

زندگی تھی چلچلاتی دھوپ میں زار و زبوں

رہروں کو سایۂ ابرِ رواں درکار تھا

بحر کو موتی ملے، تاروں کو تنویریں ملیں

اس سخاوت کو شہ ہر دو جہاںﷺ درکار تھا

اے وطن اے وطن جان من جان من

 ملی نغمہ 


اے وطن اے وطن جانِ من جانِ من

من بھی تجھ پر فدا اور فدا تجھ پہ تن


جان تُو ہے مِری تُو مِری شان ہے

میرا ہر خواب تُو میرا ارمان ہے

تیری مٹی ہی تو میری پہچان ہے

میری جنت ہیں تیرے یہ کوہ و دمن

شیر دلیر جوان ہمارے پاک وطن کی شان

 رزمیہ ملی ترانہ


ہمارے پاک وطن کی شان

ہمارے شیر دلیر جوان


خدا کی رحمت اِن کے ساتھ

خدا کا ہاتھ ہے اِن کا ہاتھ

ہے اِن کے دَم سے پاکستان

ہمارے شیر دلیر جوان

Wednesday, 14 May 2025

ہم اس لہو کا علم بنا لیں

 لہو (رزمیہ ترانہ)


ہم اس لہو کا علَم بنا لیں

سنان و سیف و قلم بنا لیں 

وطن کو دے کے مقامِ کعبہ

اسی کو احرام ہم بنا لیں 

یہ خاک ماتھے پہ مل کے نکلیں

اسے نشانِ حشم بنا لیں 

اے ہوا کے راہیو بادلوں کے ساتھیو

 اے ہوا کے راہیو بادلوں کے ساتھیو (ترانۂ فضائیہ)


اے ہوا کے راہیو بادلوں کے ساتھیو

پرفشاں مجاہدو

تم وطن کی لاج ہو

پاک سرزمین کی

اپنی جاں پہ کھیل کے

تم بنے سلامتی

وطن پاک کی عظمت کے سہارے تم ہو

 رزمیہ ملی ترانہ


وطنِ پاک کی عظمت کے سہارے تم ہو

مجھے خود اپنے نغموں سے بھی پیارے تم ہو

وطنِ پاک کی عظمت کے سہارے تم ہو


کتنے پامرد ہو تم، کتنے جری، کتنے کریم

مجھ سے پوچھو تو کہ دراصل تم ہو کتنے عظیم

وطنِ پاک کی عظمت کے سہارے تم ہو

ہم ترے پاسباں اے وطن اے وطن

 اے وطن اے وطن


اے وطن اے وطن، ہم تِرے پاسباں

اے چمن اے چمن، ہم تِرے باغباں


چاندنی دھوپ بادل برستی گھٹا

ہر نظارہ حسیں،۔ ہر ادا دلربا

گل بداماں تِری دل نشیں داریاں

اے وطن اے وطن، ہم ترے پاسباں

تکبیر سے فضا کو جگاتے ہوئے بڑھو

 رزمیہ ملی ترانہ


 تکبیر سے فضا کو جگاتے ہوئے بڑھو

نعرہ علیؑ علیؑ کا لگاتے ہوئے بڑھو


تم میں سے ایک ایک ہے بھاری ہزار پر

دشمن کو فنِ جنگ دکھاتے ہوئے بڑھو

تکبیر سے فضا کو جگاتے ہوئے بڑھو

نعرہ علی علی کا لگاتے ہوئے بڑھو

ہر محاذ جنگ پر ہم لڑیں گے بے خطر

 ہر محاذِ جنگ پر ہم لڑیں گے بے خطر (رزمیہ ملی ترانہ)


وادیوں میں گھاٹیوں میں سر بکف

بادلوں کے ساتھ ساتھ صف بہ صف

دشمنوں کے مورچوں پہ ہر طرف

ہر محاذِ جنگ پر ہم لڑیں گے بے خطر


بے مثال ارضِ پاک کے جواں

ہم اس لہو کا خراج لیں گے

 ہم اس لہو کا خراج لیں گے (رزمیہ ملی ترانہ)


لہو جو سرحد پہ بہہ رہا ہے

لہو جو سرحد پہ بہہ چکا ہے

ہم اس لہو کا خراج لیں گے

ہم اس لہو کا خراج لیں گے

خراج لیں گے ۔۔۔

پھر شیر خدا جاگے پھر وقت جہاد آیا

 پھر وقتِ جہاد آیا


پھر شیرِ خدا جاگے پھر وقتِ جہاد آیا

پھر آج شہیدوں کا لہو رنگِ حنا لایا

پھر شیرِ خدا جاگے۔۔۔

لب چومنے غازی کے پھر آج دعا آئی

پھر نصر من اللہ کی سینوں سے صدا آئی

پھر شیرِ خدا جاگے پھر وقتِ جہاد آیا

شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک

 شاہیں صفت یہ تیرے جواں (ہوا بازِ وطن)


شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک

ان غازیوں پہ سایہ فگن ہے خدائے پاک

شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک

سینوں میں صبر و ضبط و سکونو رضاکا نور

چہروں پہ لطف و مہر و خلوص و وفا کا نور

پیشانیوں پہ جذبۂ بے انتہا کا نور

Tuesday, 13 May 2025

میں نعت لکھوں اور ہو جائے تکمیل سفر لکھتے لکھتے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میں نعت لکھوں اور ہو جائے تکمیل سفر لکھتے لکھتے

میں اپنے گھر سے جا پہنچوں سرکارؐ کے گھر لکھتے لکھتے

تعریف نبیﷺ کے گیسو کی، اور وصف نبی کے چہرے کا

میں شام کو لکھنے بیٹھوں اگر ہو جائے سحر لکھتے لکھتے

پھر اُن کے تبسم کا خاکہ الفاظ میں کچھ کچھ کھینچ سکوں

کھلتی ہوئی کلیوں پر میری پڑ جائے نظر لکھتے لکھتے

سیلن زدہ روح میں محبت کر کے اب

 نظم "سیلن زدہ روح" سے اقتباس


میں محبت کر کے اب

تنہائیوں کی دلدل میں بیٹھے اب کسی 

ابابیل کی منتظر ہوں

کہ شاید دو بوند محبت مل جائے

اور میں جی لوں

چند اور پل

گر نمی آنکھ کی صحرا کو عطا ہو جائے

 گر نمی آنکھ کی صحرا کو عطا ہو جائے

اس سِسکتی ہوئی مٹی کا بھلا ہو جائے

جو تِری آنکھ میں ہے میرے دروں تک آئے

جو تِرے دل میں ہے وہ میری صدا ہو جائے

دشت کو کھینچ کے لاؤں گا یہاں آنگن تک

رُوحِ مجنوں کو اگر مجھ سے گِلہ ہو جائے

یہ غم نہیں ہے کہ اب آہ نارسا بھی نہیں

 یہ غم نہیں ہے کہ اب آہِ نارسا بھی نہیں

یہ کیا ہوا کہ مِرے لب پہ التجا بھی نہیں

ستم ہے، اب بھی امیدِ وفا پہ جیتا ہے

وہ کم نصیب کہ شائستۂ جفا بھی نہیں

نگاہِ ناز، عبارت ہے زندگی جس سے

شریکِ درد تو کیا، درد آشنا بھی نہیں

وینٹیلیٹر جسم کو نقلی سانسوں سے بھرتا تھا

 وینٹیلیٹر جسم کو نقلی سانسوں سے بھرتا تھا

میں زندہ تھا اخراجات کے بوجھ تلے مرتا تھا

سڑک پہ پیلے پیلے بیریر سب کا رستہ روکیں

لیکن میں چلنے کا رسیا رکنے سے ڈرتا تھا

دھرنے پہ بیٹھنے والے پاگل پچھڑی ذات کے تھے سب

ڈی ایس ایل آر والا بس فوٹو سیزن کرتا تھا

خشک آنکھوں کی کہانی دشت دشت اپنی ہی تھی

 خشک آنکھوں کی کہانی دشت دشت اپنی ہی تھی

نم ہواؤں میں صدائے بازگشت اپنی ہی تھی

ڈھونڈتے پھرتے رہے تھے سایہ سایہ زندگی

دھوپ کی گلیوں میں صبح و شام گشت اپنی ہی تھی

جاگتی رہتی تھیں آنکھیں خانہ خانہ خوف خوف

خواب کی روشن نمائی طشت طشت اپنی ہی تھی

Monday, 12 May 2025

جو اعیان ثابت ہیں کہلانے والے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت تضمین بر کلام رضا


جو ٭اعیان ثابت ہیں کہلانے والے

قلم سے سرِ لوح تک آنے والے

وہ کیفِ ہبا میں بکھر جانے والے


’’چمک تجھ سے پاتے ہیں سب پانے والے‘‘

’’مرا دل بھی چمکا دے چمکانے والے‘‘

ٹریش کین کباڑ اے کباڑ اے

 ٹریش کین


کباڑ اے کباڑ اے

ہر اتوار کی دوپہر میں

بگولہ صفت دندناتی کباڑی کی آواز

خوابیدہ گلیوں کی

چُپ کا فسوں توڑتی ہے

تو جی چاہتا ہے

میری فریاد کے شعلوں کو عنایت سمجھو

 میری فریاد کے شعلوں کو عنایت سمجھو

میرے ہر زخم کو الفت کی روایت سمجھو

ایک مجبور تمنا کی گراں بار تھکن

میں نے کب تم سے کہا یہ اسے الفت سمجھو

لذتِ غم میں نہیں خونِ تمنا کا علاج

مِری ہر ٹیس کو خاموش بغاوت سمجھو

اے خیال یار جب تک ساتھ تو چلتا رہا

 اے خیال یار جب تک ساتھ تو چلتا رہا

آندھیوں میں بھی چراغ زندگی جلتا رہا

مسکرا کر میں کٹھن راہوں پہ بھی

کھلنے والوں کو میرا یہ حوصلہ کھلتا رہا

پھوٹتے ہی آبلے پاؤں کے مٹ جائے کا سوز

میں اسی امید پر کانٹوں پہ بھی چلتا رہا

تھکا ہارا ہوں مدت سے کہیں سستا نہیں پایا

 تھکا ہارا ہوں مدت سے کہیں سستا نہیں پایا

خزانہ وقت کا کھویا ہے ورنہ کیا نہیں پایا

سوائے ذاتِ اقدس کے کوئی پرساں نہیں دیکھا

کچھ ایسے زخم پوشیدہ ہیں جو دکھلا نہیں پایا

یوں اشکوں کو پیے جانا، جیے جانا یونہی تنہا

مِرا وجدان بنتے ہیں جو میں چھلکا نہیں پایا

یہ جو دنیا ہے تغیر کی عجب وادی ہے

 یہ جو دنیا ہے تغیر کی عجب وادی ہے

حکم دیتا تھا جو کل آج وہ فریادی ہے

یہ بھی احسان ہے قاتل کا تِرے ورثا پر

اس نے میت تِری دہلیز پہ پہنچا دی ہے

کیا ہوا لوگ اگر بات نہیں کر سکتے

شہر میں گھومنے پھرنے کی تو آزادی ہے

Sunday, 11 May 2025

گنبد سبز کے جلووں میں وہ رعنائی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


گنبدِ سبز کے جلووں میں وہ رعنائی ہے

دیکھنے والے اسے دیکھیں تو ٹُک دیکھتے ہیں

اے مِرے سیرِ سماوات کو جانے والےﷺ

یہ زمانے تِری پرواز کو رُک دیکھتے ہیں

رودِ کوثر سے مِری ہستی کی سینچائی ہو

مجھ کو تحقیر سےکچھ ابرِ تنک دیکھتے ہیں

ہم تھے سقراط نا سرمد نا ابو زر لوگو

 ہم تھے سقراط نا سرمد نا ابو زر لوگو

پھر بھی ٹھہرائے گئے سرکش و خود سر لوگو

دین اسلام کے دشمن ہیں کافر، لیکن

دستِ مُسلم میں ہے ہے تلوار نا خنجر لوگو

ان کے ہر خون کے قطرے میں ہے جنت پنہاں

کون رُتبے میں ہے شہداء کے برابر لوگو

روتے روتے چہرے پر کیا گزری ہے

 روتے روتے چہرے پر کیا گزری ہے

بستر پر اور تکیے پر کیا گزری ہے

تم سے تو ہر اشک چھپا لے آئے پر

ہم سے پوچھو چشمے پر کیا گزری ہے

جس رشتے کی خاطر حد سے گزرے ہم

ٹوٹا تو اس رشتے پر کیا گزری ہے

حادثوں نے دوستی صدیوں پرانی چھین لی

 حادثوں نے دوستی صدیوں پرانی چھین لی

معترف تھی جس کی دنیا وہ کہانی چھین لی

میرے سر پہ سایہ دیکھا جب غمِ حالات کا

ایک کرم فرما نے اپنی مہربانی چھین لی

ہو بھلا تیرا زمانے تو نے میری ذات سے

ہر تمنا چھین لی،۔ ہر شادمانی چھین لی

دل کو گلہ خرد سے کبھی کچھ جنوں سے ہے

 دل کو گِلہ خِرد سے کبھی کچھ جنوں سے ہے

سب شورِ شہرِ جاں میں تمہارے فسوں سے ہے

حیرت میں سب ہیں سطح سمندر کہ موجِ تُند

طوفاں جو یہ اٹھا ہے، اٹھا کس سکوں سے ہے

کب منحصر کسی پہ کسی کا ہے اب وجود

سر پر جو آسماں ہے لگا کس ستوں سے ہے

میں تجھ کو سجدہ کروں تو مرا خدا تو نہیں

 میں تجھ کو سجدہ کروں تُو مِرا خدا تو نہیں

بُرا سہی مگر اتنا بھی میں بُرا تو نہیں

گِرا جو خاک پہ افلاک کانپ کانپ اٹھے

مِرا لہو ہے یہ زاہد تِری دعا تو نہیں

ستم کا ہر سر و ساماں جلا کے دم لیں گے

ہمارے دل کا الاؤ ابھی بُجھا تو نہیں

Saturday, 10 May 2025

شجرۂ نعت مری نسلوں میں رکھا جائے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ثمرۂ شوق نئی فصلوں میں رکھا جائے

شجرۂ نعت مِری نسلوں میں رکھا جائے

میرے بچوں کو بھی ہو مدحِ نبیؐ کی توفیق

نسل در نسل مجھے بردوں میں رکھا جائے

با ادب نعت کہیں نعت پڑھیں نعت سنیں

پاک لفظوں کو ادب لہجوں میں رکھا جائے

آنگن میں پیڑ ہو گا تو پتھر بھی آئے گا

 آنگن میں پیڑ ہو گا تو پتھر بھی آئے گا

اس گھر تلک جو آ گیا، اندر بھی آئے گا

رکھو گے گر نہ فاصلہ تیشہ گروں سے تم

اڑ کے تمہاری آنکھ میں کنکر بھی آئے گا

سُلگا کے چلے آئے ہو جو آگ صحن میں

اس کا دُھواں اب گھر سے باہر بھی آئے گا

کم بخت مشورے سے بغاوت نہ کر سکا

 کم بخت مشورے سے بغاوت نہ کر سکا

یعنی کہ تجربے سے بغاوت نہ کر سکا

کچھ خواب چیختے رہے دہلیزِ چشم پر

لیکن میں رتجگے سے بغاوت نہ کر سکا

جرگے نے اختلاف کا بھی حق دیا مگر

کوئی بھی فیصلے سے بغاوت نہ کر سکا

رات کے ڈر سے فضا میں خامشی بہنے لگی

 رات کے ڈر سے فضا میں خامشی بہنے لگی

سب ستارے گر گئے اور چاندنی بہنے لگی

آنکھ کیسے موڑ پر میری کھلی تھی نیند میں

خواب میں تصویر تھی جو ادھ بنی بہنے لگی

واقعے کیسے سناؤں تیز آندھی کے تمہیں

کتنی مشکل سے بنی تھی جھونپڑی بہنے لگی

ہر خرد مند تو محفل میں بہانے سے اٹھا

 ہر خرد مند تو محفل میں بہانے سے اٹھا

ضبط کا بار فقط ایک دوانے سے اٹھا

بھول بیٹھے ہیں تجھے سارے زمانے والے

ہاتھ اب تو بھی تو بے درد زمانے سے اٹھا

ہاں میری نیک مزاجی میری کمزوری تھی

سارا فتنہ تو مِرے ہاتھ ملانے سے اٹھا

نہ فکر طوق و سلاسل نہ خوفِ دار و رسن

 نہ فکرِ طوق و سلاسل نہ خوفِ دار و رسن

💖بلاکشانِ محبت ہیں آگہی دشمن💖

نمودِ لالہ و گل میں ہے عکسِ پیراہن

تِرے جمال کا پرتو بہارِ توبہ شکن

برا ہو دستِ جنوں کا یہ کیا قیامت ہے

نہ میری جیب سلامت نہ آپ کا دامن

Friday, 9 May 2025

آنکھوں کا نور دل کی ضیا آپ ہی تو ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


آنکھوں کا نور دل کی ضیا آپ ہی تو ہیں

ہر تیرگی میں راہنما آپﷺ ہی تو ہیں

تکرار و تثنیہ کو نہیں جس میں شائبہ

وہ ایک شاہکار خدا آپﷺ ہی تو ہیں

جن سے ہر ایک مرحلہ کرب میں ہمیں

درس ثبات و صبر ملا آپﷺ ہی تو ہیں

دماغ جاگ رہے ہیں وجود نیند میں ہے

 دماغ جاگ رہے ہیں وجود نیند میں ہے

یہود ہوش میں، آلِ سعود نیند میں ہے

خلافِ ظلم یہ بولے تو کس طرح بولے

کہ یہ علامتِ قومِ ثمود نیند میں ہے

اذان سہمی ہوئی ہے، رکوع شرمندہ

قیام اونگھ رہا ہے، قعود نیند میں ہے

ابھی کشمیر باقی ہے

 ابھی کشمیر باقی ہے


جسے کل مار کر سمجھے تھے تم کہ جیت لی بازی

اسی غیرت کے پیکر کی ابھی ہمشیر باقی ہے

وہ جس کے ہاتھ کی مہندی ادھوری رہ گئی کل شب

نہ جانے کون رانجھا تھا، یہ کس کی ہیر باقی ہے

تمہیں لگتا ہے لکھی جا چکی بارود سے قسمت

لہو سے لکھ رہے ہیں ہم، ابھی تحریر باقی ہے

جہاں بارود پھٹتا ہے فنا کا رقص کرتا ہے

 جہاں بارود پھٹتا ہے، فنا کا رقص کرتا ہے

لہو معصوم جانوں کا بھی کیا کیا رقص کرتا ہے

ہمارا ہی تماشا ہے لگا دربار دنیا میں

ہمیں خود ہیں تماشائی، تماشا رقص کرتا ہے

کہ اس کی راکھ سے شاید نیا سورج طلوع ہو گا

وہ اک پنچھی یہاں پھر سے فنا کا رقص کرتا ہے

کوئی گر اشک بھی پونچھے تو غم ہلکا نہیں ہوتا

 کوئی گر اشک بھی پونچھے تو غم ہلکا نہیں ہوتا

گھڑی آگے بڑھا دینے سے دن چھوٹا نہیں ہوتا

پلاتی ہیں کسے اب دودھ مائیں با وضو ہو کر

تبھی تو ہم میں اب ٹیپو کوئی پیدا نہیں ہوتا

گناہوں کی بھیانک برفباری ہم کو کھا جاتی

خدا کے رحم کا سورج اگر چمکا نہیں ہوتا

سحر کے انتظار میں تمام خواب سو گئے

 سحر کے انتظار میں


سحر کے انتظار میں تمام خواب سو گئے

چراغ بجھ گئے طویل رات کے حصار میں

کہیں پہ ٹمٹمائی گر کسی نظرکی روشنی

مہیب آندھیوں نے اک غبار میں بدل دیا

کہیں پہ جھلملائی یاد کی کوئی کرن اگر

تو خامشی کے اژدہوں نے اس کو بھی نگل لیا

جو ہر لمحہ ذکر نبی کر رہے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جو ہر لمحہ ذکرِ نبیؐ کر رہے ہیں

بلندی پہ قسمت وہی کر رہے ہیں

جو کرتے ہیں سنت ادا مصطفیٰؐ کی

وہی خوش نما زندگی کر رہے ہیِں

وہ ابن علیؑ ہیں جو کرب و بلا میں

سپردِ خدا ہر خوشی کر رہے ہیں

دل پہ یادوں کا بار تھوڑی ہے

 دل پہ یادوں کا بار تھوڑی ہے

اشک پلکوں کے پار تھوڑی ہے

یونہی دہلیز پر جمی ہے نظر

آپ کا انتظار تھوڑی ہے

خواب کے خوشنما جزیرے پر

پریوں کا ہی سنگھار تھوڑی ہے

Thursday, 8 May 2025

کبھی عروج کبھی وہ زوال دیتا ہے

 کبھی عروج کبھی وہ زوال دیتا ہے

کوئی تو ہے جو فلک پر اچھال دیتا ہے

وہی تو سنگ تراشوں کا دست پنہاں ہے

وہی تو سیپ سے موتی نکال دیتا ہے

عذاب لگنے لگے جب حیات تب بھی وہی

فشار زیست سے آ کر نکال دیتا ہے

اک خلش سی تھی نہ کہنے کی نہ سمجھانے کی

 اک خلش سی تھی نہ کہنے کی نہ سمجھانے کی

اب وہی ہو گئی سرخی کسی افسانے کی

لوگ سمجھاتے رہے راہ خرد نے رد کی

گرمئ شوق نہ کم ہو سکی دیوانے کی

آپ پر جرأتِ اقرار سے گزری ہے

میں سمجھتا ہوں نہ کوشش کریں سمجھانے کی

ملا نہ دیر و حرم میں کہیں نشاں ان کا

 ملا نہ دیر و حرم میں کہیں نشاں ان کا

حد نگاہ سے باہر ہے آستاں ان کا

نگاہ ملتے ہی ہم دل پکڑ کے بیٹھ گئے

لگا جو تیر نظر آ کے ناگہاں ان کا

کیے ہیں راہ وفا میں وہیں وہیں سجدے

ملا ہے نقش کف پا جہاں جہاں ان کا

ہم خاک تھے لیکن نہ قدم خاک پہ رکھا

 ہم خاک تھے لیکن نہ قدم خاک پہ رکھا

جو گرد اڑائی اسے افلاک پہ رکھا

مٹھی تھی ہواؤں میں کہ مٹھی میں ہوا تھی

کیوں کارکسانی خس و خاشاک پہ رکھا

سیراب کیے ابر منافق نے مِرے کھیت

لہرانے لگی فصل تو چکماک پہ رکھا

خم جس کی فضیلت پہ دو عالم کی جبیں ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


خم جس کی فضیلت پہ دو عالم کی جبیں ہے

سجدۂ کونین وہ طیبہ کی زمیں ہے

دنیا کا عقیدہ بھی اپنا بھی یقیں ہے

جو بات ہے طیبہ میں کہیں اور نہیں ہے

اے خاک مدینہ! تِرے اعجاز کے صدقے

ہے عرش نشیں جو بھی یہاں فرش نشیں ہے

نہ جانے آج کیوں ضد پر اڑی ہے

 نہ جانے آج کیوں ضد پر اڑی ہے

محبت سامنے میرے کھڑی ہے

زمانے کو بڑھاوے کی ہے عادت

وگرنہ بات کب اتنی بڑی ہے

بھلا کیوں وقت بھاگا جا رہا ہے

گھڑی تو سامنے میرے پڑی ہے

صحرا کا کوئی پھول معطر تو نہیں تھا

 صحرا کا کوئی پھول معطر تو نہیں تھا

تھا ایک چھلاوا کوئی منظر تو نہیں تھا

پھر کیوں تری تصویر ڈھلی روح میں میری

افسوں تِری آنکھوں کا مصور تو نہیں تھا

بن کر مِرا اپنا وہ بنا حسرت جاوید

تھا خاک کا پتلا ہی مقدر تو نہیں تھا

منزل پہ شام ہو گئی سورج بھی ڈھل گیا

 منزل پہ شام ہو گئی سورج بھی ڈھل گیا

کانٹا ہمارے پاؤں کا آخر نکل گیا

زُلفوں کے رات رات اندھیروں کے درمیاں

ننھا سا اک چراغ محبت کا جل گیا

آنکھیں جھکی جھکی رہیں پلکوں کے بوجھ سے

جانے کہاں سے تیر اچانک ہی چل گیا

Wednesday, 7 May 2025

غازیوں او ر شہداء کے نام لہو مقدس تھا بہہ گیا ہے

 غازیوں او ر شہداء کے نام

لہو مقدس تھا بہہ گیا ہے


وہ جذبہ دلبرانہ

وہ جہدِ عاشقانہ

وہ تقویٰ زاہدانہ

اب دِل ہے عارفانہ

تمہی سے اے مجاہدو جہاں کا ثبات ہے

 تمہی سے اے مجاہدو جہاں کا ثبات ہے


تمہی سے اے مجاہدو جہاں کا ثبات ہے

تمہاری مشعلِ وفا فروغِ شش جہات ہے

تمہی سے اے مجاہدو جہاں کا ثبات ہے


تمہاری ضو سے دلنشین جبین کائنات ہے

بقا کی روشنی ہو تم پناہ اندھیری رات ہے

اللہ رے کونین پہ احسان محمد

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


اللہ رے کونین پہ احسانِ محمدﷺ

اب تک ہے رواں چشمۂ فیضانِ محمدﷺ

تحقیر کا گوشہ نہ کوئی ڈھونڈ منافق

ہر آیتِ قرآں ہے ثنا خوانِ محمدﷺ

اے اہلِ خِرد چاک گریباں کو نہ دیکھو

سرتاجِ سلاطیں ہیں گدایانِ محمدﷺ

قاتل ہے ان میں کون یہ کیسے لگے سراغ

 قاتل ہے ان میں کون، یہ کیسے لگے سراغ

دامن پہ آج کس کے نہیں ہیں لہو کے داغ

اب درد و غم کی بات نہ آئے زبان پر

اعلان ہو رہا ہے کہ ہر دل ہے باغ باغ

مدہوشیوں میں اہلِ ہوس کو خبر نہ تھی

ایک ایک کر کے بزم میں بُجھتے رہے چراغ

تیور بھی دیکھ لیجیے پہلے گھٹاؤں کے

 تیور بھی دیکھ لیجیے پہلے گھٹاؤں کے

پھر بادبان کھولیے رخ پر ہواؤں کے

تم ساتھ ہو تو دھوپ بھی مجھ کو قبول ہے

تم دور ہو تو پاس بھی جاؤں نہ چھاؤں کے

خود ہی چراغ وعدہ بجھا دے جو ہو سکے

یہ حوصلے بھی دیکھ لے میری وفاؤں کے

کیوں شہر میں ہر سمت سے اٹھتا ہے دھواں دیکھ

 کیوں شہر میں ہر سمت سے اٹھتا ہے دھواں دیکھ

کیا حال محلے کا ہے جا اپنا مکاں دیکھ

آفاق اڑانوں کے ابھی اور بہت ہیں

اے طائر پرواز کبھی اپنا جہاں دیکھ

دیتا نہیں نفرت کا شجر دھوپ میں سایہ

بہتر ہے کوئی سایۂ دیوار اماں دیکھ

لوگ کیوں ہراساں ہیں کیوں سکوت طاری ہے

 لوگ کیوں ہراساں ہیں کیوں سکوت طاری ہے

حادثوں کی سرخی میں آج کس کی باری ہے

بزم کی وہ بد نظمی، تم نے میرے سر ڈالی

شہر کا یہ ہنگامہ کس کی ذمہ داری ہے

بار جھوٹ کا لے کر جب چلا تو میں خوش تھا

تب یہ کتنا ہلکا تھا، آج کتنا بھاری ہے

Tuesday, 6 May 2025

اتنی آسانی سے گر تجھ کو خدا مل جائے گا

 اتنی آسانی سے گر تجھ کو خدا مل جائے گا

پھر تو تیری وحشتوں کو حوصلہ مل جائے گا

تکڑموں سے تجھ کو جنت کا پتا مل جائے گا

پر سفارش سے وہاں کیا داخلہ مل جائے گا

تیرگی تو بس تماشہ دیکھتی رہ جائے گی

آندھیوں سے سازشاً بجھتا دیا مل جائے گا

محیط ایسا دل و ذہن پر مدینہ ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


محیط ایسا دل و ذہن پر مدینہ ہے

نظر ادھر ہی اٹھے گی جدھر مدینہ ہے

نظارے صاف نظر آتے ہیں حقیقت کے

کہ لا مکاں سے قریب اس قدر مدینہ ہے

خیال شام و سحر ہے مجھے مدینے کا

نظر کے سامنے شام و سحر مدینہ ہے

دل نے قصہ کیا رقم کچھ تو

 دل نے قصہ کیا رقم کچھ تو 

درد بھی ہو گیا ہے کم کچھ تو

کتنا گمراہ تھا مسافر وہ

راہ پر لائے اس کو ہم کچھ تو 

کیا ضروری تھی بات بتلاؤ؟

بول دو مجھ کو ایک دم کچھ تو

ضمیر چپ ہے اگر یہ گمان کرنے لگوں

 ضمیر چپ ہے اگر یہ گمان کرنے لگوں

جو سوچتا ہوں وہ سب کچھ بیان کرنے لگوں

یہ آنسوؤں کے ستارے، یہ درد کا سورج

خیال خود کو نہ میں آسمان کرنے لگوں

کہیں سے پھر کوئی پر مانگتا ہوا آئے

تلاش اپنے لیے جب اڑان کرنے لگوں

عجب ستم ہے کہ تیرے حصے سے گھٹ رہا ہوں

 عجب ستم ہے کہ تیرے حصے سے گھٹ رہا ہوں

میں تیرا ہو کر بھی اور لوگوں میں بٹ رہا ہوں

تو ایک سیل رواں کی صورت گزر رہا ہے

میں اک جزیرہ ہوں ہر کنارے سے کٹ رہا ہوں

کھلیں گے اسرار عشق عزلت نشینیوں میں

میں ایک دنیا سے ایک دل میں سمٹ رہا ہوں

یہ کہاں کی الفت ہے دور دور رہتے ہو

 یہ کہاں کی الفت ہے دور دور رہتے ہو

میرے تو نہ بن پائے مجھ کو اپنا کہتے ہو

مل کے بانٹ لیں گے ہم رنج اور خوشی اپنی

درد پھر جو ہوتا ہے کیوں اکیلا سہتے ہو

میرا کچھ کہا تیرے دل کو لگ گیا شاید

بات بھی نہیں کرتے کھوئے کھوئے رہتے ہو

لایا نصیب محلوں سے کچے مکان میں

 لایا نصیب محلوں سے کچے مکان میں

پھر بھی کمی نہ آئی مِری آن بان میں

ہر دھوپ سے بچا کے جو رکھے امان میں

یا رب! پناہ دے دے اسی سائبان میں

چھوڑا نہ پاسدارئ اسلاف کا چلن

ہم تھے زمیں پہ یا کہ اڑے آسمان میں

Monday, 5 May 2025

سبق آموز گفتار محمد

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


سبق آموز گفتار محمدﷺ

حیات افروز کردار محمدﷺ

لٹاتا ہے جو دولت دین حق کی

وہی ہے ایک دربار محمدﷺ

دعائیں کیں مخالف کے لیے بھی

کوئی دیکھے تو کردار محمدﷺ

پیار نے یہ بھی دن ہے دکھلایا

 پیار نے یہ بھی دن ہے دکھلایا

مجھ سے اپنا ہی روٹھا ہے سایا

میں نے شعروں میں اس کو ڈھال لیا

زخم جو بھی جگر پہ ہے آیا

تم نے کیسے کیا ہے بٹوارہ 

میرے حصے میں تو نہیں آیا

نظر کی بات پہنچے گی نظر تک

 نظر کی بات پہنچے گی نظر تک

اُڑے گی دُھول پھر دیوار و در تک

کوئی منزل تصوّر ہی ہے شاید

سفر کوئی ہو پہنچے گا سفر تک

ابھی اک بُوند چُپکے سے گِری ہے

کوئی آیا تھا شاید چشمِ تر تک

زندگی آج یہ کس موڑ پہ لے آئی ہے

 زندگی آج یہ کس موڑ پہ لے آئی ہے

بھیڑ نظروں میں ہے احساس میں تنہائی ہے

یہ الگ بات کہ انجان نظر آئی ہے

زیست سے ویسے تو برسوں کی شناسائی ہے

جیسے آتا ہو دبے پاؤں کوئی پاس مِرے

اس طرح دل کے دھڑکنے کی صدا آئی ہے

ایسے ہرجائی سے کوئی کس طرح یاری کرے

 ایسے ہرجائی سے کوئی کس طرح یاری کرے

بھول کر اپنوں کو جو غیروں کی غمخواری کرے

سب کے آگے تو بنا پھرتا ہے وہ معصوم سا

جب ہمارے سامنے آئے تو مکاری کرے

وہ کلرکی سے ترقی پا کے افسر ہو گیا

حرکتیں لیکن ابھی تک وہ بھی بازاری کرے

کارل مارکس بـے بسی کی گفاؤں میں بیٹھے

 کارل مارکس


بـے بسی کی گُفاؤں میں بیٹھے

اِن غلاموں کی یہی فطرت ہے

زندگی بھر یہ دوزخی رہ کر

اِس خواہش کا بُت بناتے ہیں

موت کے بعد جئیں جنت میں

بیٹھ کر سامنے سدا بُت کے

Sunday, 4 May 2025

جب بھی کوئی کرتا ہے گفتگو مدینہ کی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جب بھی کوئی کرتا ہے گُفتگو مدینہ کی

اور بھی رُلاتی ہے آرزو مدینہ کی

مسکن محمدﷺ کا احترام لازم ہے

گُفتگو نہیں کرنا بے وضو مدینہ کی

ان کے دل میں بھی مولیٰ عشقِ مصطفیٰ بھر دے

جو کبھی نہیں کرتے گُفتگو مدینہ کی

راکھ کر دے گی یہ چمن سائیں

 راکھ کر دے گی یہ چمن سائیں

اب کے بھڑکی ہے جو اگن سائیں

چند لمحوں میں کیسے اُترے گی

یہ جو صدیوں کی ہے تھکن سائیں

دیکھنے سے تِرے سنورتے ہیں

حُسن،۔ تقدیر،۔ بانکپن سائیں

دیکھا نہیں وہ آدمی تنہا کہوں جسے

 دیکھا نہیں وہ آدمی تنہا کہوں جسے

وہ آج تک ملا نہیں اپنا کہوں جسے

صدیوں سے انتظار ہے اس ایک شخص کا

آئے ہو کتنی دیر سے اتنا کہوں جسے

نظریں ترس کے رہ گئیں تا عکس آبشار

دیکھا نہیں ہے پانی کا قطرہ کہوں جسے

کیوں خطا ہیں ترے اوسان مری جان بتا

 کیوں خطا ہیں تِرے اوسان مِری جان بتا

ہو نہ ہو تو ہے پریشان مری جان بتا

دیکھ چہرہ یہ تِرا کھا بھی رہا ہے چُغلی

یوں نہ بن بے وجہ انجان مری جان بتا

سن چکا بس میں بہت اور نہیں سننی ہے

کچھ نہیں ہے کی یہ گردان مری جان بتا

بھڑک اٹھا سوز نہاں کہتے کہتے

 بھڑک اُٹھا، سوزِ نہاں، کہتے کہتے

زباں جل گئی داستاں کہتے کہتے

مِٹی دیکھتے دیکھتے، نوجوانی

گلستان میں آئی خزاں کہتے کہتے

تحمل کی دُنیا لُٹی جا رہی ہے

یہ کیوں چُپ ہوا رازداں کہتے کہتے

فلسطین ہوں میں فلسطین ہوں

 میں فلسطین ہوں، میں فلسطین ہوں

یہ میری قوم کے حکمراں بھی سنیں

میری اجڑی ہوئی داستاں بھی سنیں

جو مجھے ملک تک مانتے ہی نہیں

ساری دنیا کے وہ رہنما بھی سنیں

صرف لاشیں ہی لاشیں میری گود میں

میری جانب جب توجہ آپ کی ہو جائے گی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میری جانب جب توجہ آپ کی ہو جائے گی

زندگی میری کمالِ بندگی ہو جائے گی

تجربے کی بات ہے چاہو تو کر کے دیکھ لو

ٹوٹ کر رونے سے پیہم حاضری ہو جائے گی

جامِ حُبِ شاہ سے جو تر ہوئے قلب و جگر

ختم پھر ہر ایک اپنی تشنگی ہو جائے گی

Saturday, 3 May 2025

جو تم نے پوچھا ہے تو میں بتلاتی ہوں

 جو تم نے پوچھا ہے 

تو میں بتلاتی ہوں 

ہجر کے  لمحوں میں کب 

برس ہوتے ہیں

ان میں تو 

صدیاں ہوتی ہیں


عینی اسد

کیا دیکھے گا انسان وہاں اپنی نظر سے

 کیا دیکھے گا انسان وہاں اپنی نظر سے

ظلمات کی بارش ہو جہاں شمس و قمر سے

ہو جاتی ہے مظلوم کی فریاد کہاں گم

کہتا ہے فلک گزرا ہے سو بار ادھر سے

گلشن کو سجایا ہے چراغاں بھی کروں گا

بہنے دو ابھی اور لہو میرے جگر سے

بس یہ کام یہ نادان نہیں کرتے ہیں

 بس یہ کام یہ نادان نہیں کرتے ہیں

آدمی اپنے کو انسان نہیں کرتے ہیں

جان دے کر ہمیں یہ بات سمجھ میں آئی

جان ہر شخص پہ قربان نہیں کرتے ہیں

سر جھکانے کی کسی در پہ ضرورت کیا ہے

اس قدر غیر پہ احسان نہیں کرتے ہیں

دشمن مرے پیچھے ہے تو دریا مرے آگے

 دشمن مِرے پیچھے ہے تو دریا مِرے آگے

اب کوئی بچا ہی نہیں رستہ مرے آگے

توہین نہ کر تو مِری غربت کی سر عام

مت پھینک حقارت سے یہ سکہ مرے آگے

میں سچ کا طرفدار تھا وہ جھوٹ کا حامی

تا دیر بھلا کیسے ٹھہرتا مرے آگے

ہاں میں کشمیر ہوں، ہاں میں کشمیر ہوں

 ہاں میں کشمیر ہوں، ہاں میں کشمیر ہوں 

نہ بزرگوں کے خوابوں کی تعبیر ہوں

نہ میں جنت سی اب کوئی تصویر ہوں

جس کو مل کر کے صدیوں سے لوٹا گیا

میں وہ اجڑی ہوئی ایک جاگیر ہوں

ہاں میں کشمیر ہوں ہاں میں کشمیر ہوں

بارش ہوئی تو شہر کے تالاب بھر گئے

 بارش ہوئی تو شہر کے تالاب بھر گئے

کچھ لوگ ڈُوبتے ہوئے دُھل کر نکھر گئے

سُورج چمک اُٹھا تو نگاہیں بھٹک گئیں

آئی جو صُبح نو تو بصارت سے ڈر گئے

دریا بپھر گئے تو سمندر سے جا ملے

ڈُوبے جو ان کے ساتھ کنارے کدھر گئے

Friday, 2 May 2025

اپنے ہی گھر کے سامنے ہوں بت بنا ہوا

 اپنے ہی گھر کے سامنے ہوں بت بنا ہوا 

پردے ہٹے ہوئے ہیں دریچہ کھلا ہوا 

یوں ہی ادھر ادھر کی سناتے رہو مجھے 

موسم بہت اداس ہے دل ہے دکھا ہوا 

آواز دے کے پوچھ لو کیا ہو گیا اسے 

وہ شخص جا رہا ہے بہت سوچتا ہوا 

جس طرح آج گرفتار وطن سے نکلے

 جس طرح آج گرفتار وطن سے نکلے

نامرادانہ کوئی یوں نہ چمن سے نکلے

طوق و زنجیر پہن کر تو بن آئی نہ مراد

شاید اب کام وفا دار و رسن سے نکلے

ہم نے دیکھے ہیں بہت گردش ایام کے رنگ

بار ہا کشمکش چرخ کہن سے نکلے

سن لے تو آج یہ فریاد خدایا میری لب پہ آتی ہے

 "لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری"

سُن لے تُو آج یہ فریاد خدایا میری


تیرے محبوبؐ نے جس سمت کیے تھے سجدے 

حکم سے تیرے وہ اصحابِ نبیؐ کے سجدے 

سینکڑوں غم لیے سینے میں ہے غمگین کھڑا 

اب فقط تیرے سہارے ہے فلسطین کھڑا 

کوئی بتلاؤ کہ یہ ناؤ کہاں ٹھہرے گی

 کوئی بتلاؤ کہ یہ ناؤ کہاں ٹھہرے گی

کب قضا آئے گی کب عمر رواں ٹھہرے گی

زندگی ایک حقیقت سہی لیکن اے دوست

گر یہی حال رہا وہم و گماں ٹھہرے گی

سوئے جولاں گہ ہستی نگراں ہے دیکھو

یہ نظر اب رخ ساقی پہ کہاں ٹھہرے گی

دلوں میں جذبۂ نفرت ہے کیا کیا جائے

 دلوں میں جذبۂ نفرت ہے کیا کیا جائے

زباں پہ دعویٔ الفت ہے کیا کیا جائے

ہزار قسم کے الزام سن کے بھی چپ ہیں

ہمارا جرم شرافت ہے کیا کیا جائے

نہ دشمنوں سے عداوت نہ دوستوں کا لحاظ

اسی کا نام صداقت ہے کیا کیا جائے

Thursday, 1 May 2025

عطا کر الٰہی الٰہی عطا کر

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


عطا کر الٰہی

عطا کر الٰہی، الٰہی عطا کر

مجھے مصطفیٰﷺ کی محبت عطا کر

اس بحرِ پُر کیف میں ڈوب جاؤں

مجھے ڈوب جانے کی عزت عطا کر

عطا کر الٰہی


تیرے زخموں کی چارہ گری کے لیے

 کشمیر کے لیے


برف اوڑھے ہوئے دلنشیں راستے

چاند کی روشنی میں نہائے ہوئے

آبشاروں کی بہتی ہوئی راگنی

سُرخ پتوں میں لپٹے چناروں کے جُھنڈ

حُسن تیرا کریں لفظ کیسے بیاں؟

تجھ کو جنُت یونہی تو کہا نہ گیا

روگ الفت کا جسے لگ جائے ہے

 روگ الفت کا جسے لگ جائے ہے

لطف جینے کا وہی کچھ پائے ہے

یوں مٹا جاتا ہے راہ عشق میں

خاک پروانہ یہی بتلائے ہے

وعدہ آنےکا کیا ہے آئیں گے

اے دلِ ناداں کیوں گھبرائے ہے

زباں کو سرخ انگاروں میں دیکھو

 زباں کو سرخ انگاروں میں دیکھو

قلم سفاک تلواروں میں دیکھو

کتابوں نے جسے لکھا منافق

قصیدے اس کے اخباروں میں دیکھو

یہ گھر منسوب جس کے نام سے ہے

اسی کا جسم دیواروں میں دیکھو

کب ہوئی ختم رات یاد نہیں

 کب ہوئی ختم رات یاد نہیں

کیا ہوئی ان سے بات یاد نہیں

کب لٹا کارواں ستاروں کا

کب لٹی کائنات یاد نہیں

کیسے گزرے وہ بے خبر لمحے

کیسے گزری حیات یاد نہیں

اشک پلکوں پر اٹک کر رہ گئے

 اشک پلکوں پر اٹک کر رہ گئے

قافلے رستے میں تھک کر رہ گئے

بجھ گئے جل جل کے آشا کے دیے

رات جگنو سے چمک کر رہ گئے

کوئی ان کا پوچھنے والا نہ تھا

پھل درختوں پر جو پک کر رہ گئے

مدینے پاک سے جو لوگ لو لگاتے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


مدینے پاک سے جو لوگ لو لگاتے ہیں

خود اپنے در پہ انہیں مصطفیٰؐ بلاتے ہیں

غموں کی دھوپ کبھی ان چھو نہیں سکتی

لبوں پہ ڈالی درودوں کی جو سجاتے ہیں

خدا کے فضل سے مداح مصطفیٰﷺ ہیں ہم

ہمیشہ عشق میں نعت نبیﷺ سناتے ہیں

ہم اپنے آہ کو ڈھونڈیں کہاں کہاں لوگو

 ہم اپنے آہ کو ڈھونڈیں کہاں کہاں لوگو

اندھیری رات میں ملتا نہیں نشاں لوگو

میں اپنی شکل نہ پہچان پائی شیشے میں

یہ کیا ہوا میرا چہرہ گیا کہاں لوگو

ہر ایک آرزو دھوکہ ہر ایک خواب فریب

وہ خواب، خوابِ سفر ہے دھواں دھواں لوگو